شیشوں کی دیواریں اور رنگ و روغن ترقی نہیں ہوتے: ریونت ریڈی

   

غریبوں کی بھلائی حقیقی ترقی، عہدیدار انداز کارکردگی تبدیل کریں، حکومت عوام کی دہلیز پر، پولیس کو مکمل اختیارات، کلکٹر س کانفرنس سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ترقی کا مطلب شیشوں کی دیواریں اور رنگ برنگی دیواریں نہیں بلکہ غریبوں کی بھلائی حقیقی معنوں میں ترقی ہوگی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج سکریٹریٹ میں ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر واضح کردیا کہ گذشتہ نو برسوں کی طرح انداز کارکردگی نہیں چلے گی بلکہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد شفافیت کے ساتھ پہنچانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہوگی۔ ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے بعد پولیس عہدیداروں کے ساتھ علحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امن و ضبط کی صورتحال اور خاص طور پر منشیات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء ڈی سریدھربابو، اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پی سرینواس ریڈی، ٹی ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر، سیتکا ، کونڈہ سریکھا، ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت موافق ملازمین حکومت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خدمات کی انجام دہی میں اگر کوتاہی کی جائے تو حکومت کارروائی سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو کارکردگی کے بارے میں حکومت کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ تال میل کے بغیر مقررہ نشانوں کی تکمیل نہیں ہوگی۔ حکومت کے فیصلوں پر عمل کرنا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام سبھاؤں میں عوام سے درخواستیں وصول کی جائیں اور حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر مستحق تک اسکیمات کے فوائد پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں میں جوابدہی کا احساس ہونا چاہیئے یہ ہر سطح پر موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو عوام کے ساتھ احترام کا رویہ رکھنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں جبر اور ظلم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے حکومت کی چھ ضمانتوں کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ کانگریس نے غریبوں اور مستحقین تک اسکیمات کے فوائد پہنچانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صبح 8 تا 12 بجے اور دوپہر 2 تا شام 6 بجے گرام سبھاؤں کا دو مراحل میں گرام پنچایتوں اور میونسپل وارڈز میں اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی حکمرانی کے احیاء کیلئے عہدیداروں کو کام کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے انداز کارکردگی کے بجائے حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں عہدیداروں کو متحرک ہونا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال کے سلسلہ میں پولیس عہدیداروں کو مکمل اختیارات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کا عوام کے خلاف استعمال کرنے کے بجائے حکومت پر عوام کے اعتماد کی بحالی پر توجہ دی جائے۔ چھ ضمانتوں کا مقصد ہر گھر تک خوشحالی پہنچانا ہے۔ر