شیشہ و تیشہ

   

کیا ہوتا ہے …!!
شوہر لاکھ بھلا چاہے تو کیا ہوتا ہے
وہی ہوتا ہے جو بیگم نے کہا ہوتا ہے
غم ہوکس بات کا بیگم کو خریداری کا
بل تو شوہر کے بٹوے سے ہی ادا ہوتا ہے
درد جوڑوں کا بس جوڑے ہی جانتے ہیں
اور اس درد کا درماں بھی کہاں ہوتاہے
اک طرف ماں ہے تو اک طرف ہے بیگم
جیسے آلوکوئی سینڈوچ میں دبا ہوتا ہے
بعدشادی کے یہی کہتے پھرے ہر شوہر
وقت شادی سے پہلے کا ہی بھلا ہوتا ہے
…………………………
تعمیل ادب …!
٭ مالک نے اپنے نوکر سے کہا : ’’میں تھوڑی دیر کیلئے باہر جارہا ہوں ۔ تم ہوشیاری سے کام کرنا ، اگر دکان میں کوئی آئے اور تمہیں کچھ آرڈر دے تو اُس کی تعمیل ادب کے ساتھ کرنا ‘‘۔
کچھ دیر کے بعد مالک واپس آیا ، اُس نے نوکر سے پوچھا : ’’کیا کوئی آیا تھا ؟ ‘‘
’’جی ہاں ! اس نے حکم دیا تھا کہ دونوں ہاتھ اوپر کرکے کونے میں کھڑے ہوجاؤ ۔ میں نے نہایت اخلاق سے اُ س کی تعمیل کی ، پھر وہ تمام رقم اُٹھاکر چلا گیا …!!‘‘
ڈاکٹر فوزیہ چودھری ۔ بنگلور
…………………………
صحیح بات …!!
٭ ایک شادی کے فنکشن میں بیوی نے اسٹیج پر بیٹھے ہوئے دولہا دلہن کو دیکھ کر اپنے شوہر سے کہا : ’’دیکھو جی ! دولہا اپنی دلہن سے کتنی خوبصورتی سے مسکراتے ہوئے باتیں کررہا ہے تم کبھی بھی مجھ سے ایسا مسکراتے ہوئے بات کرتے ہی نہیں ۔
شوہر (ٹھنڈی سانس لیتے ہوئے کہا ) : ’’بیگم ! شادی سے آج تک تم نے مجھے صحیح بات کرنے کا موقع ہی کب دیا مسکرانے کی بات تو دور کی ہے …!!‘‘۔
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………
ضرورت نہیں …!
٭ شوہر ’’ہم آج کھانا باہر کھائیں گے‘‘۔
بیوی (خوش ہوتے ہوئے)،’’آپ دس منٹ ٹھہریں میں ابھی تیار ہو کر آتی ہوں‘‘۔
’’تیار ہونے کی ضرورت نہیں، جا کر کھانا بناؤ۔ میرا کہنے کا مطلب تھا کہ کھانا باہر صحن میں کھائیں گے‘‘… شوہر نے کہا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
انداز اپنا اپنا …!!
٭ وہ ہمیں زہر دے کر ماردیتی تو زمانے کی نظروں میں آجاتی ۔ انداز قتل تو دیکھو ! اس نے ہم سے شادی کرلی ۔
………………………
حفظانِ صحت…!
٭ روزآنہ نہانے سے سو بیماریاں دور ہوتی ہیں لیکن نہ نہانے سے جو بیماریاں دور رہتی ہیں ان میں سے ایک محبوبہ ہے …!!
نجیب احمدنجیبؔ ۔ حیدرآباد
…………………………
ایسا کرتے ہیں …!!
٭ ایک صاحب وزیر بننے کے بعد اپنے حلقہ انتخاب گئے تو اہم پارٹی ورکر نے انھیں گھیرلیا میں بیروزگار ہوں سر مجھے نوکری چاہئے ۔
بیروزگاری بہت زیادہ ہے بھرتیوں پر پابندی بھی لگی ہوئی ہے ۔ وزیر صاحب سر کھجاتے ہوئے بولے لیکن پارٹی کیلئے تمہاری خدمت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ایسا کرتے ہیں بیروزگاری کے اسباب کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادیتے ہیں ، تم اس کمیٹی کے سربراہ بن جاؤ…!!
ایم اے وحید رومانی ۔ پھولانگ ، نظام آباد
…………………………
لے گیا تھا …!
٭ ایک پاگل کار چلاتے ہوئے جا رہا تھا۔ کار کی پچھلی سیٹ پر 20 بطخیں بیٹھی تھیں۔ راستے میں پولیس والے نے روکا اور پوچھا یہ تمہارے پچھلی سیٹ پر کیا ہے؟ پاگل نے کہا ’’یہ ساری میری بیویاں ہیں‘‘ پولیس والا سمجھ گیا کہ یہ پاگل ہے۔ چنانچہ پاگل سے بولا۔ اچھا ایسا کرو انہیں زو (چڑیا گھر) لے جاؤ۔
پاگل نے رضامندی سے سر ہلایا، گاڑی موڑی اور چلا گیا۔ اگلے دن پھر وہی پاگل انہیں 20 بطخوں کو پچھلی سیٹ پر بٹھائے پھر ادھر ہی جا رہا تھا۔اسی پولیس والے نے اسے پھر روک لیا۔ اور کہا کہ میں نے تمھیں کہا تھا کہ اپنی بیگمات کو چڑیاگھر لے جاؤ۔’’لے گیا تھا‘‘ پاگل نے کہا ’’ آج انکو سینما لے جارہا ہوں‘‘
عبداﷲ محمد ۔ حیدرآباد
…………………………