شیشہ و تیشہ

   

شیخ احمد ضیاءؔ
غزل
کرکے احسان یوں جتانا کیا
جو کمایا اُسے گنوانا کیا
تم کو آنا نہ تھا نہیں آتے
ہر دفعہ اک نیا بہانہ کیا
زندگی کی ہزار شرطیں ہیں
اُس کی ہر شرط ہم نبھانا کیا
خواہشوں ، حسرتوں ، اُمیدوں کا
میرا دل بن گیا ٹھکانہ کیا
ہم ہی معتوب ہر زمانے میں
یہ زمانہ کیا وہ زمانہ کیا
ہم نے موڑا ہے رُخ ہواؤں کا
آندھیوں سے ہمیں ڈرانا کیا
فاصلہ جب دلوں میں ہے قائم
ہاتھ میں ہاتھ پھر ملانا کیا
وہ ہے منصف سزا لکھی اُس نے
جرم کیا ہے تمہیں بتانا کیا
راہ مقتل کی کیوں چُنی اُس نے
ہوگیا ہے ضیاءؔ دِوانہ کیا
………………………
معصوم بچوں کی معصوم باتیں
٭ اُستاد بچوں سے ’’بچو تاج محل کس نے بنایا …؟‘‘
O ایک بچہ جلدی سے اُٹھ کر کہا ’’مزدوراں بنائے سر …!!‘‘
٭ اُستاد بچوں سے ’’بچو کیا کسی نے سمندر دیکھا ہے ؟‘‘
O ایک لڑکی نے کھڑے ہوکر کہا ’’سر میں دیکھی ہوں ‘‘
استاد : اچھا کہاں دیکھے ہو ؟
لڑکی : ’’سر میں گنڈی پیٹ کے تالاب میں دیکھی ہوں ‘‘۔
٭ ایک چھوٹی سی لڑکی گھر کے دروازے پر کھڑے ہوکر سڑک پر آنے جانے والوں کا نظارہ کررہی تھی ۔ اُتنے میں لڑکی کے والد کے ہم شکل آرہے تھے۔ لڑکی نے چلاکر کہا ’’ممی ممی اور ایک ڈیڈی آرہے ہیں ‘‘۔
٭ ایک ٹیچر نے کہا ’’بچو جو جنت جانا چاہتے ہیں ہاتھ اُٹھاؤ ‘‘
سارے بچے ہاتھ اُٹھائے لیکن ایک لڑکی نے ہاتھ نہیں اُٹھایا ۔ وجہ پوچھنے پر لڑکی نے کہا ’’نہیں میری ممی اسکول سے سیدھا گھر آنے کے لئے کہا ہے ‘‘ ۔
سید اعجاز احمد ۔ ورنگل
………………………
شاعرہ کی شکایت …!
٭ سفارتخانہ ہند کی جانب سے منعقدہ ریاض کے ایک بڑے مشاعرے میں مائیک پر بن ٹھن کر آئی ہوئی ایک حسین مہمان شاعرہ نے مشاعرہ گاہ کی ایک جانب ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ اس طرف کے لوگ غور سے نہیں سن رہے ہیں ۔
انور جلال پوری ناظم مشاعرہ تھے، انھوں نے کہا محترمہ ! کچھ لوگ مشاعرہ سننے کیلئے اور کچھ لوگ دیکھنے کے لئے آتے ہیں ! ان کے اس برجستہ ریمارک پر سارا ہال قہقہوں سے گونجنے لگا ۔
زکریا سلطان ۔ ریاض
………………………
کس حال میں ہے …!؟
شوہر : میں غیرملک جارہا ہوں ۔
بیوی : اگر انڈیا جاؤ تو ساڑی بھیجنا ، اگر دبئی جاؤ تو جیویلری بھیجنا اور اگر فرانس جاؤ تو پرفیوم بھیجنا ۔
شوہر : جھلاکر ! اگر دوزخ جاؤں تو کیا بھیجوں؟
بیوی : تو اپنی ویڈیو بھیجنا ! آخر ہمیں بھی پتہ چلے کہ بیویوں کو ستانے والے کس حال میں ہیں …!!
نجیب احمد نجیب ۔ حیدرآباد
………………………
اجازت …!!
وکیل : تم چوری کے الزام سے بری کردیئے گئے ہو ۔
موکل : تو پھر اب میں وہ چوری کا سامان بیچ سکتا ہوں ؟
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
مشکلات…!!
٭ ایک دوست دوسرے سے … کیا بتاؤں میں میری بیوی کے بیوٹی پارلر کے خرچہ سے پریشان ہوں ، اس کا خرچہ دیکھ کر دل بیٹھ جاتا ہے اور اگر بیوی بیوٹی پارلر نہیں گئی تو اُس کا چہرہ دیکھ کر دل بیٹھ جاتا ہے۔
فیصل ۔ محبوب نگر
………………………