شیشہ و تیشہ

   

حسن قادری
بیگم نامہ…!
تنخواہ ساری بیگم کے ہاتھوں تھمادیتا ہوں
جو جو خرچ کیا سچ سچ بتا دیتا ہوں
جب کبھی بیگم کا پارہ حد سے زیادہ گرم ہو
سب سے پہلے جو تیاں اُس کی چھپا دیتا ہوں
…………………………
ساری رسمیں ہیں دنیا کو دکھانے کیلئے ورنہ
کون رو تا ہے حسنؔ بیگم کی موت پر
…………………………
بابو اکیلاؔ (کوہیر)
زندگی…!!
زندگی بوجھ بن گئی یارو
بیوی جب سے گھر میں آگئی یارو
روز کے نخرے اُس کے جھیل جھیل کر
میری حالت چمبو ہوگئی یارو
اُس کی فرمائش سن کر چکرا جاتا ہوں
غم کا بادل بنکر مجھ پر چھا گئی یارو
بات بات پر جھگڑتی ہے وہ
ایک شعلہ بن کر مجھکو جلاگئی یارو
……………………………
بیوی کو خوش رکھنے کے چند مفید نسخے
٭ بیوی اگر ملازم ہو تو گھر کے کاموں میں ہاتھ نبٹاکر اس کا دل جیتئے ۔
٭ راتوں میں دوستوں میں وقت برباد کرنے کے بجائے جلد سے جلد گھر آجائیے ۔ اس سے آپ کی بیوی اطمینان کی سانس لے گی ۔
٭ پکوان کتنا بھی خراب ہو زیادہ تنقید مت کیجئے بلکہ اچھے پکوان کی تعریف کیجئے ۔
٭ گھر کے ہر چھوٹے بڑے کام میں بیوی سے مشورہ لیجئے ۔
٭ بیوی کے کوئی رشتہ دار اگر گھر آجائے تو خوش دلی سے مہمان نوازی کیجئے ۔
٭ بیوی کی ہر خوشی ، دُکھ درد اور ضروریات کا خیال رکھیے ۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
…………………………
کونسی پھوپھو…!
٭ (بیوی نے شوہر کو کال کی)
بیوی : کہاں ہو؟ کیا کررہے ہو؟
شوہر : آفس میں ہوں اور بہت مصروف ہوں۔اور تم کیا کررہی ہو؟
بیوی : KFC میں تمہارے پیچھے ’’بچوں‘‘ کے ساتھ بیٹھی ہوں اور بچے پوچھ رہ ہیں کہ پاپا کے ساتھ کونسی ’پھوپھو‘ بیٹھی ہیں…!!
ابن القمرین۔ مکتھل
…………………………
بیوفا …!
٭ ایک عورت نے اپنی سہیلی سے کہا : آج میرے شوہر کہہ رہے تھے کہ وہ مجھے ہی اگلے سات جنم تک بیوی بنانا پسند کریں گے ۔
سہیلی : میں پوچھتی ہوں اگلے سات جنم کے بعد کے جنم میں کیوں نہیں ؟ لگتا ہے تمہارے شوہر نے اگلے جنموں کے لئے ضرور کوئی لڑکی ڈھونڈ کے رکھی ہوگی ۔ یہ مرد ہوتے ہی بیوفا ہیں۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
…………………………
’’صبح بخیر…!!‘‘
٭ اُستاد شاگرد سے…شاعر مشرق علّامہ اقبالؔ کے اس شعر کی تشریح کرو ؎
’’کھول آنکھ زمیں دیکھ فلک دیکھ فضاء دیکھ
مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کو ذرا دیکھ‘‘
شاگرد: اس شعر میں علّامہ اقبالؔ انتہائی مشکل الفاظ میں ’’گڈ مارننگ… صبح بخیر‘‘ کہہ رہے ہیں ۔
حبیب حذیفہ العیدروس ۔ ممتاز باغ
…………………………
کیا کروں …!؟
پہلا دوست (اپنے قریبی دوست سے ) : میری بیوی سارا دن ٹیلیفون پر لگی رہتی ہے اور فون کی ایک گھنٹی بجنے سے پہلے فون جھپٹ کر کان کو لگالیتی ہے ۔ کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ یہ عادت کیسے چھڑاؤں …!!
دوسرا دوست : جب وہ کپڑوں پر گرم گرم استری کررہی ہو اُس وقت اُس کے سیل فون پر کال کرو …!!
مظہر قادری۔حیدرآباد
…………………………
تجربہ …!
٭ ارے تم ! ’’ایک صاحب نے لنگڑے بھکاری کو دیکھ کر کہا : کل تم اندھے تھے اور آج ؟
’’ارے بابوجی! بھکاری نے کہا : اب سائنس کا دور ہے کاروبار میں بھی تجربے کرنا پڑتے ہیں ، میں تجربہ کرکے دیکھ رہا ہوں کہ کس ڈھنگ سے بھیک زیادہ ملے گی ‘‘
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی ،کریمنگر
…………………………