شیشہ و تیشہ

   

محسن نقویؔ
شرافت کی سیاست…!
شرافت کی سیاست کرنے والوں سے کوئی پوچھے
ہوس ، خونِ بشر کی ہولیوں تک کس طرح پہنچی
سیاست میں غلاظت کس کی کم ظرفی آئی ہے
شرافت گالیوں سے گولیوں تک کس طرح پہنچی
…………………………
شبیر علی خان اسمارٹؔ
مزاحیہ غزل…!
خستہ حالت ہوگئی بازار کی
مت لگا قیمت دلِ خوددار کی
بعد شادی کے یہ حالت ہوگئی
مرگئی ہے آرزو دیدار کی
جانے کیوں باتیں بری لگنے لگیں
گیسوؤں کی اور لب و رخسار کی
دیکھ کر بیگم کو غصے میں بھری
تھی نہ ہمت مجھ میں پھر تکرار کی
انگلیاں اسمارٹؔ ان کی گھی میں ہیں
جو خوشامد کرتے ہیں سرکار کی
…………………………
بیوی کو خوش رکھنے کے چند مفید نسخے
٭ محبت کے اظہار کے لئے آفس سے فون کرکے کھانا کھایا کہ نہیں ، دوائی بھی لی کہ نہیں دریافت کرتے رہئے ۔
٭ بیوی کو کبھی کبھی اچانک تحفہ بھی لاکر دیجئے۔ پھول زلفوں میں سجانے ضرور لائیے…!
٭ بیویوں کی سب سے پسندیدہ چیز سونے کے زیورات ہیں ، اس خواہش کو پورا کیجئے ۔ ہنگامی حالات میں پھر آپ اس کو استعمال کرسکتے ہیں۔
٭ فرصت کے اوقات میں کبھی کبھی آپ بیوی کو لے کر سیر و تفریح کے لئے نکل جائیے تاکہ بیوی کی بوریت دور ہوسکے۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
…………………………
اب ٹھیک ہے …!
٭ ایک بیوقوف اپنے دوست سے: پرسوں میری بیوی کنویں میں گری بہت چوٹ لگی بیچاری کو، بہت چیخ رہی تھی۔
دوسرا دوست: اب کیسی ہے؟
پہلا: اب ٹھیک ہے کل سے کنویں میں سے آواز نہیں آرہی ہے۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
ماضی کا عذاب …!
٭ شام کو آفس سے تھک ہار کر جب میں گھر پہنچا تو صوفے پر بیٹھ گیا ۔ بیوی نے پانی کا گلاس دیا، اسی دوران بچے نے مارکس شیٹ میرے سامنے رکھی …۱
انگلش
:
100/17
اردو
:
100/35
میاتھس
:
100/40
فزکس
:
100/37
کیمسٹری
:
100/42
آگے کچھ پڑھنے سے پہلے،
’’بیٹا! کیا مارکس ہیں یہ؟
گدھے، شرم نہیں آتی تجھے؟
نالائق ہے تْو نالائق …‘‘
بیوی – ارے آپ سنیں تو؟
تم خاموش بیٹھو ! تمہارے لاڈ نے ہی بگاڑا ہے اسے… نالائق، ارے باپ دن بھر محنت کرتا ہے اور تو ایسے مارکس لاتا ہے۔
بچہ خاموشی سے گردن جھکائے کھڑا رہا۔
’’ارے سْنیں… تو!‘‘
’’تم چپ کرو، ایک لفظ بھی مت بولو. آج اس کو بتاتا ہوں …‘‘
’’ارے…!‘‘بیوی کی آواز بڑھ گئی۔ میں تھوڑا رک گیا۔
’’سن تو لیں ذرا …! ‘‘
’’صبح الماری صاف کرتے وقت ملی ، آپ ہی کی مارکس شیٹ ہے یہ…‘‘
اب بندہ کیا بولے ، اس سے اچھی صرف خاموشی ہے۔
محمد اظہر ۔ ملک پیٹ
…………………………
آٹھ تھے …!!
٭ ایک لڑکا اپنی شادی کے سلسلے میں ماں باپ کے ساتھ لڑکی کے مکان پر گیا ۔ لڑکا ، لڑکی کے ماں باپ نے دونوں کو اکیلے میں بات کرنے دوسرے کمرے میں بھیج دیا ۔
وہاں جاکر لڑکے نے لڑکی سے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا : ’’باجی ! آپ لوگ کتنے بھائی بہن ہیں…!؟‘‘
لڑکی غصہ سے بولی آٹھ تھے اب نو ہوگئے !!
شعیب علی فیصل۔ محبوب نگر
…………………………