شیشہ و تیشہ

   

لیڈر ؔ نرملی
بے وفا…!
اِک بے وفا جو پیار کے وعدہ سے پھرگیا
خوابوں کا محل میرا کھڑے قد سے گِرگیا
تاریخ ہے گواہ ، سچے عاشقوں کے ساتھ
جس نے کیا فراڈ ، بلاؤں میں گِھر گیا
…………………………
فرید سحرؔ
غزل (طنز و مزاح ) !!
اک غزل ایسی کہوں گا دیکھنا
جس میں سب کو لے مروں گا دیکھنا
نیکیاں گر سو کروں گا دیکھنا
گالیاں دو سو سُنوں گا دیکھنا
ساری محفل دم بخود رہ جائے گی
جب ترنم سے پڑھوں گا دیکھنا
آپ چاہیں مت کریں اس پر یقیں
بن کے لائیر سچ کہوں گا دیکھنا
اک ذرا مُجھ کو منسٹر بننے دو
کس قدر گھپلے کروں گا دیکھنا
ایک بھی شاعر کو چھوڑوں گا نہیں
سب کی غزلیں میں پڑھوں گا دیکھنا
سب حقیقت سامنے آ جائے گی
جب نشے میں میں بکوں گا دیکھنا
ایک ڈنڈا بس ہے کافی ہاتھ میں
جا کے سرحد پر لڑوں گا دیکھنا
کارنامہ کُچھ نہیں میرا سحرؔ
پھر بھی میں ایوارڈ لوں گا دیکھنا
………………………
سوشل میڈیا پر دو رُخی …!
٭ سوشل میڈیا (فیس بک ، واٹس اپ ، ایکس) پر جب کوئی لڑکی اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتی ہے تو کس طرح اُسے جواب ملتا ہے ، اور جب کوئی لڑکا اپنا اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتا ہے تو کیا حال ہوتا ہے …!؟۔
لڑکی نے فیس بک پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیاپ ٹاپ لیا ہے ‘‘۔
لائیکس 75 ، کمنٹس 23،اور کمنٹس کچھ اِس طرح تھے :
1 . وائو کیا بات ہے یار ، 2 . پِھر تو دعوت پکی ، 3 . انجوئے کرو یار ، 4 . مبارکاں جی مبارکاں ، 5 . ٹریٹ دو یار۔
لڑکے نے فیس بک پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیاپ ٹاپ لیا ہے‘‘۔
لائیکس 2 ، کمنٹ 1
اور کمنٹ کچھ اِس طرح تھا
ابے تیری شکل ہے لیاپ ٹاپ لینے والی!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
یہ بھی تو …!!
٭ پولیس والے نے چور کو پکڑ کر کہا ، چوری کرتے ہوئے شرم نہیں آتی ، چل پولیس اسٹیشن …؟
چور نے آہستہ سے کہا : سر آپ یہ بھی کہہ سکتے تھے نا ! جو پیاکٹ میں ہے رقم تیری آدھی ، میری آدھی …!!
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………
ردِّعمل …!!
٭ ایک شوہر نے WhatsApp پر اپنی بیوی سے پوچھا : ’’اگر تم مجھے پارک میں کسی اور عورت کے ساتھ دیکھو گی تو تمہارا ردِّعمل کیا ہوگا …؟‘‘
بیوی کا فوری جواب آیا : ’’کچھ نہیں ! میں بس ایک آنکھ بند کرلوں گی اور دوسری کو کھلی رکھوں گی …!!‘‘
کچھ دیر بعد اُس شخص کی بیوی نے اُسے بندوق چلاتے ہوئے تصویر WhatsApp پر بھیج دی جس میں ایک آنکھ بند تھی اور دوسری کھلی…!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
………………………
چُپ رہنے کی وجہ …!
٭ ایک بھکاری دوسرے بھکاری سے : ’’ابھی ابھی ایک شخص تمہارے سے کیا بات کررہا تھا …!؟‘‘
دوسرا بھکاری : وہ پوچھ رہا تھا کہ میں روز کتنے روپئے کمالیتا ہوں …؟
’’تم نے کیا کہا ‘‘ پہلے بھکاری نے پوچھا ۔
دوسرا بھکاری : ’’میں چُپ رہا …!!‘‘
’’کیوں ‘‘ پہلے بھکاری نے پوچھا ۔
مجھے ایسا لگا کہ وہ شخص انکم ٹیکس کا انسپکٹر ہے …!!‘‘ دوسرے بھکاری نے جواب دیا ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
………………………