شیشہ و تیشہ

   

طالب خوندمیری
سبب!!
مادرِ لیلیٰ بھی گوری، باپ بھی گُل رنگ تھا
وہ مگر کالی کلوٹی ، ہو بہو کوّا ہوئی
قیسؔ نے اس کا سبب پوچھا تو لیلیٰ نے کہا
کیا بتاؤں ، میں اندھیری رات میں پیدا ہوئی
…………………………
ہنس مکھ حیدرآبادی
مزاحیہ غزل
دو ضرب دو تو چار ہوگا ہی
مجھ کو بیگم سے پیار ہوگا ہی
جس جگہ ہونگے سو عدد بیمار
اُس جگہ اِک انار ہوگا ہی
ہے منسٹر کا لاڈلا بیٹا
جُرم کرکے فرار ہوگا ہی
دال داماد کو کھلانی ہے
اصلی گھی کا بگھار ہوگا ہی
لاکھ اتوار کو ملے چھٹی
سات دن میں شمار ہوگا ہی
کریم پوڈر کا سب کرشمہ ہے
اُن کے منہ پر نکھار ہوگا ہی
رات دن دیکھ دیکھ کر ، کرکٹ
بھوت سر پر سوار ہوگا ہی
سامنے دیکھ کر چلو ہنس مکھؔ
پیٹھ پیچھے تو وار ہوگا ہی
……………………………
خبردار!
٭ ایک جلسے میں ایک نیتا بڑی دیر سے تقریر کررہے تھے ۔ اسی دوران انھوں نے پانی طلب کیا ۔ مجمع میں سے ایک شخص نے آواز لگائی … خبردار ! اسے پانی نہ دینا ورنہ یہ پھر تازہ دم ہوجائیگا!۔
اعجاز عالم خان ۔ ہل کالونی
…………………………
جدید تحقیق …!!
٭ جدید ترین امریکی تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ اگر خواتین روزآنہ زیادہ دیر (آٹھ سے دس گھنٹے) تک سویں تو اس سے بلڈ پریشر، فالج اور ہارٹ اٹیک جیسی بیماریاں بہت کم ہوتی ہیں…!!
’’مردوں‘‘ میں…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………
دو راستے …!!
٭ ہوائی جہاز کے سفر میں ائر ہوسٹس نے ایک مسافر کو بتایا۔ اگر آپ خاتون مسافروں کو تنگ نہ کریں تو سگار پی سکتے ہیں۔
مسافر نے خوش ہو کر کہا : مجھے پتہ نہیں تھا کہ میرے لیئے دو راستے کھلے ہیں۔ ایسی صورت میں سگار پینا بھلا کون پسند کرے گا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
دونوں ملکر …!
٭ اردو کلاس میں بچے غالب ؔ کی غزل پڑھ رہے تھے ، ایک بچے نے دوسرے سے پوچھا ، ’’یار یہ شعر کس کا ہے ؟ ‘‘
عشق پر زور نہیں ہے یہ وہ آتش غالبؔ
جو لگائے نہ لگے اور بجھائے نہ بنے
غالبؔ کا یا آتشؔ کا ؟ کیونکہ دونوں کے نام ہیں ۔
دوسرے نے جواب دیا : ’’یہ شعر دونوں نے ملکر لکھا ہوگا جیسا کہ شنکر جئے کشن مل کر دھن بناتے تھے …!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
کیسا لگے گا …؟
٭ ایک بار ایک شوہر کو اس کی بیوی نے پوچھا کہ اگر میں چار پانچ دن کے لئے نظر نہ آؤں تو پھر آپ کو کیسا لگے گا ؟
شوہر نے یکدم خوشی سے کہا : ’’اچھا لگے گا ‘‘
پھر …پیر کو بھی بیوی نظر نہ آئی ،
منگل کو بھی بیوی نظر نہ آئی ،
چہارشنبہ کو بھی بیوی نظر نہ آئی ،
جمعرات کو بھی بیوی نظر نہ آئی ،
اور آخرکار جمعہ کو جب آنکھوں کی سوجن کم ہوئی تو پھر تھوڑی تھوڑی نظر آنے لگی۔
محمد اظہر ۔ ملک پیٹ
……………………………
یاد نہیں
ٌایک صاحب اپنے نوجوان بیٹے کو جو گھڑ دوڑ کا بہت شوقین تھا ، ایک ماہر نفسیات کے پاس لے گئے اور اس سے بولے ’’جناب اس کے دماغ پر ہر وقت گھوڑے سوار رہتے ہیں ، خواب میں بھی اسے گھوڑے نظر آتے ہیں۔اسے تو یہ تک یاد نہیں کہ اس کی نوکری کس دن لگی تھی ؟
’’ کیوں یاد نہیں ‘‘ بیٹے نے جلدی سے کہا ’’اس دن راجا زلفی نے ڈربی ریس جیتی تھی ‘‘۔
نعیم احمد صدیقی ۔احمد آباد
……………………………