شیوراج کے رابطے میں آئے وزراء کورنٹائن ہوجائیں:کانگریس

   

لکھنؤ۔ اترپردیش قانون ساز کونسل رکن و کانگریس کے سینئر لیڈر دیپک سنگھ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی ہے کہ وہ گذشتہ دنوں وزیر اعلی مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کے رابطے میں آنے والے وزراء کو کوارنٹائن کرائیں تاکہ دوسرے شہریوں کو کورونا انفیکشن سے بچایا جاسکے ۔سنگھ نے چہارشنبہ کو وزیر اعلیٰ کو لکھے خط میں کہا کہ گذشتہ ہفتے مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کے آخری رسوم کی ادائیگی میں شرکت کر نے وہاں کے وزیر اعلی لکھنؤ آئے تھے جن سے یوپی کے کئی وزراء اور بی جے پی لیڈروں نے ملاقات کی تھی۔ چونکہ چوہان کورونا متاثر پائے گئے ہیں اس لئے وزیر اعلی یوگی کو چاہئے کہ وہ اپنے کابینہ کے ساتھیوں کو کوارنٹائن کریں۔