شیوسینا ‘ این ڈی اے حلیفوں کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی

,

   

ترک تعلق کا محض رسمی اعلان باقی ۔ این ڈی اے کسی کی جاگیر نہیں ‘ بال ٹھاکرے بانیوں میں شامل : سنجے راوت

ممبئی 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا دہلی میں کل ہونے والے این ڈی اے حلیفوں کے اجلاس میںشرکت نہیں کریگی ۔ یہ اجلاس 18 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل منعقد ہو رہا ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی کے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے علیحدہ ہونے کا عمل اب محض رسمی کارروائی رہ گیا ہے ۔ اپنی سابقہ حلیف بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ این ڈی اے کسی کی جاگیر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا اور اکالی دل بھی اس اتحاد کے مساوی اہم بانیوں میں شامل ہیں۔ شیوسینا ‘ این ڈی اے کی قدیم رکن رہی ہے اور مہاراشٹرا میں چیف منسٹر کے عہدہ کی وجہ سے اس کے بی جے پی کے ساتھ اختلافات ہوئے ہیں۔ بی جے پی اور شیوسینا دونوں ہی جماعتیں چیف منسٹر کا عہدہ چاہتی تھیں۔ دونوں جماعتوں کے مابین قومی سطح پر بھی تعلقات میں بگاڑ کا اشارہ دیتے ہوئے مرکزی کابینہ میں شیوسینا کے رکن اروند ساونت نے 11 نومبر کو وزارت سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ شیوسینا مہاراشٹرا میں کانگریس اور این سی پی کے ساتھ اتحاد کرنے جا رہی ہے اور این سی پی کی پہلی شرط یہی تھی کہ اروند ساونت مرکزی کابینہ سے علیحدہ ہوجائیں اور ان کی پارٹی این ڈی اے سے علیحدہ ہوجائے ۔ شرد پوار نے اپنی اور کانگریس کی تائید کیلئے یہی شرط رکھی تھی ۔ سنجے راوت نے کہا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کا 17 نومبر کو دہلی میں اجلاس ہونے والا ہے اور ہم نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم اس اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے ۔ یہ فیصلہ مہاراشٹرا میں پیش آنے والے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ ہمارے وزیر نے مرکزی کابینہ سے استعفی بھی پیش کردیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ این ڈی اے اجلاس کیلئے شیوسینا کو کوئی دعوت نامہ بھی موصول نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دعوت نامہ موصول نہیں بھی ہوا ہے تو کوئی بات نہیں ہے کیونکہ ہم نے پہلے ہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ سنجے راوت نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ کوئی بھی این ڈی اے کے مالکانہ حقوق کا دعوی نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کسی کی جاگیر نہیں ہے ۔ شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے اور اکالی دل بھی این ڈی اے مساوی اہمیت کے حامل بانیوں میں شامل ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا شیوسینا کی این ڈی اے سے علیحدگی کے تعلق سے اب صرف ایک اعلان ہی باقی رہ گیا ہے سنجے راوت نے کہا ایسا کہا جاسکتا ہے ۔ ایسا کہنے میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شیوسینا ممبئی اور تھانے میں آئندہ بلدی انتخابات کے بعد اپنے مئیر بنانے میں بھی کامیاب رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بلدیات میں بھی شیوسینا کے مئیر کا انتخاب باعث حیرت نہیں ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ شیوسینا ۔ این سی پی اور کانگریس کے درمیان ایک اقل ترین مشترکہ پروگرام پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے ۔