شیوسینا کی ممبئی بی جے پی سے قربت ، اتحاد کی غیریقینی صورتحال برقرار

   

بال ٹھاکرے کی یادگار کے لئے ریاستی حکومت نے 100 کروڑ روپئے مختص کئے ، تعمیر کی نگرانی مجلس بلدیہ ممبئی کے سپرد
ممبئی ۔23 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک دوسرے سے متصادم حریفوں کے درمیان یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس اور صدر شیوسینا اُدھو ٹھاکرے نے آج مشترکہ طورپر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کی یادگار کی تعمیر کے آغاز کے موقع پر رسومات میں حصہ لیا ۔ اس اقدام کی اہمیت میں اس لئے نمایاں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ بی جے پی حلیف شیوسینا مرکز اور مہاراشٹرا میں اپنی سینئر شراکت دار کی مختلف سرکاری پالیسیوں پر مسلسل تنقید کررہی ہے ۔ مہاراشٹرا کی کابینہ نے منگل کے دن 100 کروڑ روپئے بال ٹھاکر ے کی یادگار کے لئے منظور کئے ہیں۔ اس اقدام کو آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپنی حلیف کو اپنا ہمنوا بنانے کی بی جے پی کی کوشش کے طورپر دیکھا جارہا ہے ۔ چہارشنبہ کے دن بال ٹھاکرے کی 93 ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر فرنویس اور اُدھو ٹھاکرے نے مشترکہ طورپر گنیش پوجا کی اور واستو پوجا کے بعد یادگار کے مقام پر جو وسطی ممبئی کے علاقہ دادر کے ایک چمن میں واقع ہے تعمیری رسومات میں حصہ لیا۔ اس تقریب کے موقع پر یادگار کی نمایاں خصوصیت سرکاری طورپر مجلس بلدیہ ممبئی کے حوالے کی گئی تاکہ تعمیر کی نگرانی کرے ۔ ساحل سمندر پر یہ مقام جہاں 1928 ء میں یادگار تعمیر کی جانے والی تھی تقریباً 11,500 مربع میٹر رقبہ کا ہے اور یہاں پر فی الحال ممبئی کے میئر کا بنگلہ ہے ۔ بی جے پی کے اور شیوسینا کے کئی قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ جن میں قابل ذکر میئر وشواناتھن مہندیشور ، برہن ممبئی مجلس بلدیہ (بی ایم سی) کے صدر اجوئے مہتا اور بالا صاحب ٹھاکرے راشٹریہ سمارک نیاس کے ارکان بشمول بی جے پی رکن پارلیمنٹ پونم مہاجن موجود تھے ۔ فرنویس اور ٹھاکرے دونوں مصافحہ کرتے ہوئے اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ شیوسینا کے ایک قائد نے جو اس تقریب میں موجود تھے کہا کہ دونوں قائدین نے چائے پر مختصر ملاقات بھی کی ، تاہم کوئی سیاسی تبادلۂ خیال نہیں کیا۔ چیف منسٹر اور بی جے پی کے دیگر قائدین اُدھو جی اور اُن کے ارکان خاندان کی اس موقع پر موجودگی پر اطمینان کا اظہار کررہے تھے ۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ کوئی چائے کی تقریب نہیں بلکہ دونوں پارٹیوں کے دوبارہ ملاپ کی تقریب تھی ۔ اس پراجکٹ کے لئے مخلوط اتحاد نے ایک رقم مختص کی ہے اور اس کی نگرانی ممبئی مجلس بلدیہ کے سپرد کردی گئی ہے ۔ امکان ہے کہ باقاعدہ تعمیر کا کام آئندہ ماہ شروع ہوگا ۔ وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ بھومی پوجن تقریب کے لئے رسمی طورپر مدعو کئے جائیں گے ۔ ایک ذریعہ کے بموجب شیوسینا نے گزشتہ سال اپنے بل بوتے پر آئندہ انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا ، علاوہ ازیں اُس کے صدر نے کہاتھا کہ مخلوط اتحاد جاری رکھنے کی خاطر اُس کی سینئر حلیف نے یادگار کی تعمیر کیلئے رقم مختص نہیں کی ہے اس لئے آئندہ عام انتخابات کے دوران دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ قومی سطح پر دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کے بارے میں غیریقینی صورتحال ہنوز برقرار ہے ۔