نئی دہلی: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار نے مرکزی وزیر جنگلات بھوپیندر یادو اور مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی سے ملاقات کی اور ریاست میں پانی اور تحفظ کے اہم پروجیکٹوں کی منظوریوں میں تیزی لانے میں ان سے تعاون طلب کیا۔ شیوکمار نے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کے ساتھ ایک الگ ملاقات میں انہیں ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور کئی اہم مسائل اٹھائے ۔ انہوں نے میکیڈاتو پروجیکٹ کی جلد منظوری، کرشنا آبی تنازعہ کے بارے میں گزٹ نوٹیفکیشن اور اپر کرشنا اور اپر بھدرا ندی کے پروجیکٹوں کو قومی پروجیکٹ قرار دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ مسٹر شیوکمار نے کرناٹک کے پانی اور زراعت کی ضروریات کے لیے ان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کالسا بندورا ڈرین ڈائیورژن پروجیکٹ کے لیے جنگلات اور جنگلی حیات کی منظوری بھی مانگی۔ انہوں نے مسٹر جوشی پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات پر تیزی سے عمل آوری کے لیے مرکز پر دباؤ ڈالیں، جو ان کے بقول کرناٹک میں پینے کے پانی کی دستیابی کو بہتر بنانے اور زراعت کو سپورٹ کرنے کے لیے اہم ہیں۔