نینی تال ۔یکم اکتوبر ۔( یو این آئی ) اُتراکھنڈ میں اپوزیشن لیڈر یشپال آرِیہ نے اُترکاشی کے نوجوان صحافی راجیو پرتاپ کی موت کی تحقیقات سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔یشپال آرِیہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ صحافی راجیو 18 ستمبر کی رات سے لاپتہ تھے اور 28 ستمبر کو ان کی لاش جوشیاڈا بیراج کے قریب ملی تھی۔انہوں نے بتایا کہ راجیو نڈر صحافی تھے اور عوامی مفادات کے معاملات کی رپورٹنگ کرتے تھے ۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بدعنوانی اور حکومتی بدانتظامی کے سلسلے میں چند تحقیقی خبریں شیئر کی تھیں۔ ان کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ انہیں کچھ افراد کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔یشپال آرِیہ نے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے درخواست کی کہ اس معاملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور متاثرہ خاندان کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے ۔