صحت مند اور تعلیم یافتہ سماج کی تشکیل کو ترجیح: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد

   

نئی دہلی: الحکمہ فاؤنڈیشن اپنے چار نکاتی اغراض و مقاصد کے حصول میں سرگرداں ہے ۔ صحت مند اور تعلیم یافتہ سماج کی تشکیل، اخلاقی اقدار سے بہرہ ور معاشرہ نیز سماجی بہبود کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہنا ہی ان کے اور ان کی ٹیم کا مقصد ہے ۔ان خیالات کا اظہار الحکمہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین و معروف حکیم ڈاکٹر ضیاء الدین احمد نے فاؤنڈیشن کے 31 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرانٹر فیتھ ہارمونی فاؤنڈیشن آف انڈیا، نئی دہلی کے صدر و ممتازاسکالر ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ ہمیں معاشرہ کے مسائل، ترجیحات اور رجحان کیا ہے پہلے اسے سمجھنا ہوگا اور پھر اپنی حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ آج کا انسان کموڈیٹی میں تبدیل ہوگیا ہے ۔صارفیت کا دور دورہ ہے ۔ اس لئے آج یہ زیادہ ضروری ہوگیا ہے ہم اپنے اخلاقی اقدار، تمدن، تہذیب اور اپنی ثقافت سے چمٹ جائیں اور معاشرے کو صحیح سمت کی طرف گامزن کرنے والی طاقتوں کو مضبوط کریں۔ جب تک ہماری معاشرت درست نہیں ہوگی تب تک ہماری معیشت اور اقتصادی صورتحال بھی بہتر نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا مسلمان بنیادی طور پر غیرمنظم شعبے میں شمار کیا جاتا ہے اور اس شعبے کے پاس روزگار کے مواقع کم سے کم ہیں۔ ایک حصہ ایسا بھی جن کے پاس روزگار بھی ہیں اور کاروبار بھی اور جی ڈی پی میں ان کا ہی حصہ شمار کیا جا تا ہے ۔