صدرجمہوریہ مرمو کو فجی کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ

   

سووا (سید مجیب کی رپورٹ) : صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو جنوبی بحرالکاہل کے جزیرے ملک فجی کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز’کمپینین آف دی آرڈر آف فجی‘سے نوازا گیا ہے۔ مرمو یہاں فجی کے سرکاری دورے پر پہنچی ہیں۔ وہ یہاں آنے والی ہندوستان کی پہلی صدر ہیں۔ دارالحکومت سووا میں اسٹیٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں فجی کے صدر رتو ولیم ماولیلی کاتونیور نے پیر کو مرمو کو یہ ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہندوستان اور فجی کے درمیان گہری دوستی کی علامت ہے ۔ انہوں نے فجی کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا اور ارکان پارلیمنٹ سے بات چیت کی۔اپنے خطاب میں مرمو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح جمہوریت، تکثیریت اور تنوع کی مشترکہ اقدار دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔ انہوں نے کہا، جغرافیائی حجم میں وسیع فرق کے باوجود، ہندوستان اور فجی دونوں میں بہت کچھ مشترک ہے ، بشمول ہماری متحرک جمہوریت، ہمارے معاشروں کا تنوع، ہمارا عقیدہ کہ تمام انسان برابر ہیں اور ہر شخص کی آزادی، احترام اور حقوق کے تئیں ہماری وابستگی۔قبل ازیں سووا پہنچنے پر مرمو کا ہوائی اڈے پر وزیر اعظم سیتیونی رابوکا نے استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی موجودگی میں مرمو کے اعزاز میں ایک روایتی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔