حیدرآباد ۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے آج پاسپورٹ کندر بیگم پیٹ پہنچ کر ان کی نمائندگی پر قائم کردہ خصوصی کاؤنٹر کا معائنہ کیا۔ حج 2023ء کے درخواست گذاروں سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ڈپٹی ریجنل پاسپورٹ آفیسرس سے بھی ملاقات کی۔ زیرالتواء عازمین حج کے پاسپورٹس کو جلد از جلد جاری کردینے کی خواہش کی۔ محمد سلیم نے انہیں بتایا کہ حج 2023ء کے لئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ کئی عازمین کے پاسپورٹس کی میعاد اس سے قبل ختم ہورہی ہے۔ لہٰذا انہیں ادائیگی حج کیلئے نئے پاسپورٹس کی جلد از جلد اجرائی ضروری ہے۔ ڈپٹی ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی کو بتایا کہ عازمین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ جلد از جلد نئے پاسپورٹ کی اجرائی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ آفس کے ویب سائیٹ پر درخواستوں کا تازہ موقف معلوم کیا جاسکتا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی دفتر کے فون نمبر 040-23298793 پر دفتر کے اوقات صبح 10:30 تا شام 5 بجے ربط کریں۔ن