مسیح اللہ خاں کا متفقہ طورپر انتخاب یقینی، حج کمیٹی کی تشکیل کیلئے عنقریب احکامات
حیدرآباد۔6۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے صدرنشین کے انتخاب کیلئے کل 7 مئی کو 11.30 بجے دن بورڈ کے ارکان کا اجلاس حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کی نگرانی میں نئے صدرنشین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے بورڈ کے چار ارکان کی نامزدگی کے بعد صدرنشین انتخاب کیلئے 7 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ وقف بورڈ کے 6 ارکان کا الیکشن کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا جن میں اسد اویسی ایم پی ، فاروق حسین ایم ایل سی ، کوثر محی الدین ایم ایل اے ، ذاکر حسین جاوید ، مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری اور سید بندگی بادشاہ قادری شامل ہیں۔ حکومت نے نامزد زمرہ میں جن چار ارکان کو شامل کیا ہے ، ان میں محمد مسیح اللہ خاں ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آقا، ملک معتصم خاں اور محترمہ شیخ یاسمین باشاہ آئی اے ایس شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے صدرنشین کے عہدہ کے لئے مسیح اللہ خاں کے نام کی منظوری دی ہے۔ امکان ہے کہ اجلاس میں متفقہ طور پر صدرنشین کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے الحاج سید سلیم کے نام کو چیف منسٹر نے منظوری دی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم تلنگانہ حج کمیٹی کی تشکیل کے لئے سرکاری احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ وقف بورڈ کی طرح حج کمیٹی کے ارکان صدرنشین کا انتخاب کریں گے ۔ ر