صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ بغیر ملاقات واپس لوٹ گئے

   

وزیر دامودر راج نرسمہا اور ایم ایل اے لکشمی کانت راؤ تنازعہ، گاندھی بھون میں میٹنگ منسوخ
حیدرآباد، 5 نومبر ]سیاست نیوز[ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا اور جکل ایم ایل اے ٹی لکشمی کانت راؤ کے درمیان پیدا شدہ تنازعہ کو حل کرنے کے لیے گاندھی بھون میں طے شدہ اہم اجلاس کے انعقاد میں ناکامی کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کو بغیر کسی بات چیت کے واپس لوٹنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق ٹی پی سی سی سربراہ نے دونوں قائدین کے مابین جاری اختلافات کو ختم کرنے کی غرض سے انہیں آج گاندھی بھون طلب کیا تھا، جہاں صبح کے وقت وزیر صحت اور دوپہر میں ایم ایل اے کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں طے کی گئی تھیں۔بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر وزیر دامودر راج نرسمہا نے گاندھی بھون آمد پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے بعد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ گاندھی بھون پہنچ گئے تھے۔ تاہم بعد میں وزیر کی جانب سے اجلاس میں عدم شرکت کی اطلاع دی گئی، جس پر گاندھی بھون پہنچنے والے مہیش کمار گوڑ کو وزیر صحت کے نہ آنے کے سبب ایم ایل اے سے ملے بغیر ہی واپس لوٹنا پڑا۔ واضح رہے کہ پارٹی قیادت نے دونوں قائدین کے درمیان دہلی میں پیدا شدہ اس تلخی کو ختم کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔-2/m/b