صدر جمہوریہ مرمو حیدرآباد آمدگورنر و چیف منسٹر نے استقبال کیا

   

حیدرآباد،15 مارچ (سیاست نیوز ) صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو آج شام تلنگانہ کے دورہ پر حیدرآباد پہونچیں۔ شمس آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ آمد کے موقع پر ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ‘ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارکا ‘ چیف سکریٹری شریمتی شانتی کماری اور دوسروں نے صدر جمہوریہ ہند کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر دیگر قائدین اور عہدیدار بھی موجود تھے ۔ صدر جمہوریہ ہند حیدرآباد میں چار روزہ عالمی روحانیت فیسٹیول کے دوسرے دن میں شرکت کریں گی۔ مرکزی وزارت ثقافت اور ہارٹ فل نیس کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد چار روزہ روحانی سربراہی اجلاس ‘‘اندرونی سکون سے عالمی امن’’ کے موضوع پر مبنی ہے اور شہر کے مضافات میں واقع ہارٹ فل نیس کے ہیڈکوارٹر کنہا شانتی ونم میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے بموجب نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ ہفتہ کو پروگرام میں شرکت کریں گے ۔کانفرنس کا مقصد بین المذاہب مذاکرات کو آسان بنانا اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں روحانیت سے جڑنے کے قابل بنانا ہے ۔