صدر نشین فینانس کمیشن نندکشور کا دورہ تاریخی چارمینار و فلک نما پیالیس

   

دانا کشور نے پیدل راہرو پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا
حیدرآباد۔19فروری(سیاست نیوز) صدرنشین 15ویں فینانس کمیشن مسٹر نند کشور سنگھ نے اپنی مکمل ٹیم کے ہمراہ صبح کی اولین ساعتوں میں تاریخی چارمینار اور فلک نما پیالس کا دورہ کیا اور تاریخی تفصیلات سے آگہی حاصل کی۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے تاریخی چارمینار کے قریب قومی فینانس کمیشن کی مکمل ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے تاریخی چارمینار میں لگائی گئی چارمینار کے تاریخی تصاویر اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تفصیلات پر مشتمل تصاویر کے ذریعہ صدرنشین فینانس کمیشن کو واقف کرویا اور انہیں یہ بات بتائی کہ شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کیا ہے ۔ مسٹر دانا کشور نے صدرنشین فینانس کمیشن اور ان کی ٹیم کے ارکان کو بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تخمینی لاگت 35کروڑ ہے اور اس پراجکٹ کے کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں اسی طرح سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کو بھی عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس پراجکٹ کے کاموں کی رفتار کو بھی تیز کیا جا چکا ہے ۔ صدرنشین فینانس کمیشن مسٹر نند کشور سنگھ نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی ستائش کی اورپراجکٹ سے ہونے والے فوائد کے متعلق تفصیلات دریافت کی جس پر کمشنر جی ایچ ایم سی نے شہر حیدرآباد کی تاریخی عمارت چارمینار کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ا س پراجکٹ سے نہ صرف تاریخی عمارت کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا بلکہ اس پراجکٹ کے سبب اس علاقہ کے اطراف کے شہریوں کو بھی کافی فائدہ حاصل ہوگا جس میں تجارتی و سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔کمیشن کے ارکان و جوائنٹ سیکریٹری پر مشتمل وفد نے چارمینار کے بعد فلک نما پیالس پہنچ کر پیالس کا مشاہدہ کیا اور تفصیلات حاصل کی۔ مسٹر دانا کشور نے فلک نما پیالس کی مختصر تاریخ کے علاوہ پیالس کی قطعہ اراضی کے متعلق وفد کو واقف کروایا۔