صدر ٹرمپ ہندوستان کے دورہ کے دوران پاکستان بھی جائیں گے

,

   

ڈیووس ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت سے کہا کہ وہ بہت جلد ہندوستان کا دورہ کریں گے اس کے ساتھ ہی پاکستان بھی جائیں گے۔ وزیرخارجہ پاکستان محمود قریشی نے کہا کہ صدر ٹرمپ بظاہر اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا ان کے دورہ ہندوستان کے دوران پاکستان میں بھی توقف کرنا شامل ہے۔ ٹرمپ نے تیقن دیا کہ وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن جب ایک صحافی نے ٹرمپ سے یہ سوال کیا تو انہوں نے اس سوال کو ٹال دیا۔ ہندوستان میں سرکاری ذرائع نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ صدر ٹرمپ ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں اس تعلق سے تواریخ کو قطعیت دینے کیلئے بات چیت کی جارہی ہے۔ ہندوستان نے صدر ٹرمپ کو گذشتہ سال یوم جمہوریہ پریڈ کیلئے مدعو کیا تھا لیکن مصروفیت کی وجہ سے دورہ نہیں ہوسکا۔