صدف ظفر کو رہا کرنے بالی ووڈ شخصیتوں کا مطالبہ

   

ممبئی 2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اسٹارس جیسے مہیش بھٹ اور سوارا بھاسکر و سشانت سنگھ نے اداکار و کارکن صدف ظفر کو جیل سے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ صدف ظفر کانگریس کی ترجمان بھی ہیں اور انہیں 19 ڈسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا جب وہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے مقام سے فیس بک پر لائیو تھیں۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ کارکنوں کو آزادی کے بغیر جو آزاد ادارے ہیں وہ ایک دکھاوا ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈر و خوف میں ذہن کو جکڑ دیا جائے تو یہ معنی نہیںرکھتا کہ آپ کس طرح کی حکومت میں ہیں۔ اظہار خیال کی آزادی کے بغیر آزاد اداروں کے تمام طریقے اور ڈھانچے بے معنی ہوجاتے ہیں۔ صدف ظفر کے دوست دیپک کبیر کو بھی یو پی پولیس نے صدف کی خیریت معلوم کرنے جانے پر حراست میں لے لیا تھا ۔ سشانت سنگھ نے بھی صدف ظفر اور دیپک کبیر کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور انہیںرہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ فلم ساز میرا نائر ‘ ہنسل مہتا اور گلی بوائے کے اداکار وجئے ورما نے بھی صدف ظفر کے حق میں اظہار خیال کیا ہے ۔