صرف ہندوستان میں اسلام ’محفوظ‘ ہے:بھاگوت

   

ناگپور: آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ اسلام کی عبادت صرف ہندوستان میں محفوظ طریقے سے ہوتی ہے۔ کچھ مذاہب ہندوستان سے باہر کے تھے۔ اب اس کی اصلاح ہماری ذمہ داری ہے۔ وہ جمعرات کو ناگپور کے سنگھ شکشا ورگ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔بھاگوت نے مزید کہا کہ اسپین سے منگولیا تک پوری دنیا میں اسلام کی یلغار ہوئی۔ آہستہ آہستہ وہاں کے لوگ بیدار ہوئے۔ انہوں نے حملہ آوروں کو شکست دی تو اسلام اپنے دائرہ اثر میں سکڑ گیا۔ پردیسی وہاں سے چلے گئے۔بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد اور سا لمیت کے لئے سب کو کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر بری نظر رکھنے والے دشمنوں کو طاقت دکھانے کے بجائے ہم آپس میں لڑ رہے ہیں۔ ملک میں زبان،مذہب اور سہولتوں کے حوالے سے ہر قسم کے جھگڑے ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھول رہے ہیں کہ ہم ایک ملک ہیں۔ کچھ مذاہب ہندوستان سے باہر کے تھے اور ہماری ان سے جنگیں ہوئیں، لیکن باہر والے چلے گئے، اب سب یہاں ایک ہیں۔ پھر بھی وہ باہر کے لوگوں کے زیر اثر ہیں۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ یہ ہمارے لوگ ہیں۔ اگر ان کی سوچ میں کوئی کمی ہے تو اس کا ازالہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔اس سوچ کو یقینی بنانا ہوگا کہ ملک اس نظریے سے نہ ٹوٹے کہ ہم مختلف نظر آتے ہیں، اس لیے ہم مختلف ہیں۔