صفائی مزدور مین ہول میں گر کر فوت

   

ایشا اپا انفراسٹرکچر مینجمنٹ کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں تین صفائی مزدور ایک مین ہول میں گر کر فوت ہوگئے۔ پرانا پل دھوبی گھاٹ علاقہ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیموں نے مقام واردات پہنچ کر راحت کاری کے اقدامات کو انجام دیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 40 سالہ ایم سرینواس، 42 سالہ ہیمنت اور 40 سالہ وینکٹیشور راؤ اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے جو دھوبی گھاٹ پرانا پل کے علاقہ میں ایک مین ہول کی صفائی کے کام میں مصروف تھے۔ ذرائع کے مطابق دم گھٹنے کے سبب ان موت ہوگئی۔ سرینواس اور ہیمنت مین ہول میں ہی ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق صفائی کے دوران سرینواس مین ہول کے اندرا اترا اور کام کررہا تھا کہ وہ مین ہول میں گر کر مدد کیلئے پکارنے لگا جس کی مدد کیلئے ہیمنت مین ہول میں اترا اور دونوں پھنس گئے۔ وینکٹیشور راؤ نے ان کی مدد کی کوشش اور وہ بھی مین ہول میں گر پڑا۔ مین ہول میں انہیں سانس لینے میں تکلیف اور گھٹن کے سبب بچانے کی کوشش ناکام رہی۔ سوپروائزر نواز اور دلیپ نے انہیں بچانے کی ہر ممکنہ کوشش کی۔ تاہم وینکٹیشورلو کو باہر نکال کر فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیاں جہاں وہ فوت ہوگیا۔ پولیس نے ایشا اپا انفراسٹرکچر مینجمنٹ کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اس خطرناک کام کو انجام دینے اور مین ہول کی صفائی کیلئے مزدوروں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ کلثوم پورہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع