ضلع بیدر میں آج اور کل CET امتحانات

   

جملہ 36 امتحانی مراکز ، تمام انتظامات مکمل ، جائزہ اجلاس سے ضلع کمشنر کا خطاب

بیدر /17 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کمشنر بیدر نے کہا کہ ضلع بیدر میں 18 اپریل اور 19 اپریل 2024 کو منعقد ہونے والے انڈر گریجویٹ داخلہ کیلئے کامن انٹرنس CET امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ وہ دفتر ضلع کلکٹر کے میٹنگ ہال میں طلب کردہ عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں ضلع و تعلقہ سطح کے افسران شریک تھے ۔ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امتحانات کا انعقاد پیشہ وارانہ کورسیس کے داخلے انجینئیرنگ ، اگریکلچر، سائنس ، وٹرنری سائنس ، فارمیسی اور بی ایس سی نرسنگ کیلئے ہوگا ۔ امتحان گاہ میں ہونے والی بات چیت اور ویڈیو بھی ریکارڈ ہوگا ۔ امتحانات کیلئے تعینات عہدیداران اور لکچرار احتیاط سے ڈیوٹی انجام دیں ۔ امتحانی مراکز پر سوالیہ پرچے مقررہ وقت پر پہنچائیں ۔ روٹ کے اہلکار وقت پر حاضر رہیں اور آبرزور افسران ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پر حاضر رہیں۔ امتحانی مراکز کے قریب کے زیراکس دکانیں بند رہیں گی ۔ امتحان کے دن امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاظ رہے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں جملہ 36 امتحانی مراکز ہیں۔ تعلقہ بسواکلیان میں 6 امتحانی مراکز اور تعلقہ بھالکی میں 7 مراکز ہیں اور بیدر شہر میں 23 امتحانی مراکز قائم ہیں ۔ طلباء وقت مقرر ہسے قبل امتحانی مراکز پر حاضر رہیں ۔ امتحان گاہ میں الیکٹرانک اشیاء بلو ٹوتھ ، موبائل فون اور کلائی کی گھڑی وغیرہ اور کتابیں کاغذات وغیرہ لانے نہیں چاہئے ۔ طلباء ایڈمٹ کارڈ اور شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھیں۔ نیلے اور سیاہ رنگ کی سیاہی والے بال پوائنٹ پین سے امتحان لکھنے کی اجازت ہے ۔ اس میٹنگ میں ایڈیشنل کلکٹربیدر رامیشور ، محکمہ کالج ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائرکٹر چندراکانگ ، شاہ آباد کر اور محکمہ صنعت کے ڈپٹی ڈائرکٹر سریکھا اور ضلع پسماندہ طبقات بہبود کے افسر سداشیو ، کنڑا کلچر محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر سدرام شنڈے اور تمام تعلقات جات کے تحصیلداران نے شرکت کی ۔