ضلع ونپرتی میں ایک ہی مسلم خاندان کے چار افراد کی مشتبہ موت

   

جادو ٹونا کا شبہ ، مقامی عوام میں دہشت ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا
حیدرآباد :۔ ضلع ونپرتی کے ریپلی منڈل کے ناگا پور موضع میں ایک مسلم خاندان کے چار افراد کی گھر کے مختلف حصوں میں مشتبہ حالت میں نعشیں دستیاب ہوئی ہیں جس سے سارے ضلع ونپرتی میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے ۔ مقامی عوام نے اس کی پولیس کو اطلاع دی ہے ۔ پولیس نے فوری پہونچکر ایک مقدمہ درج کر کے نعشوں کو ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب 63 سالہ اجمیرہ بی کی نعش کچن میں ان کی دختر 35 سالہ اسماء بیگم کی نعش ڈائننگ ہال ، 42 سالہ داماد خواجہ پاشاہ کی نعش گھر کے باہر گڑھے میں اور 10 سالہ نواسی حسینہ کی نعش ہال میں مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی ہیں ۔ ایک ہفتہ قبل ہی تلنگانہ میں ایک جادو ٹونا کے شبہ میں نقلی بابا کی جانب سے علاج کے بہانہ سے خاتون کو تشدد بنانے سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ ضلع ونپرتی میں ایک ایسا ہی واقعہ منظر عام پر آیا ہے ۔ وباء کے اس دور میں ہونے والی اموات سے پریشان عوام کو جادو ٹونا اور بلی چڑھائی جانے جیسی خبروں سے بھی نجات حاصل نہیں ہورہی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں جہاں آئے دن توہم پرستی سے متعلق خبریں منظر عام پر آتی ہیں جن میں سرکاری سطح پر توہم پرستی کی خبریں بھی شامل ہیں ۔ لیکن ونپرتی میں پیش آئے اندوہناک واقعہ میں چار افراد بشمول ایک مشتبہ موت سے سارے علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے ۔ چار نعشوں کے قریب دستیاب ہونے والی اشیاء کو دیکھنے کے بعد گذشتہ سال دہلی میں پیش آئے ایک واقعہ کی یاد تازہ ہوگئی ، جس میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی موت کی یاد تازہ کرتی ہے ۔ مقامی عوام کی جانب سے ان مشتبہ اموات پر افواہیں گشت کررہی ہیں ۔ کوئی بلی چڑھانے اور کوئی گلا گھونٹ کر قتل کردینے یا جادو ٹونا کے شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ ایک ہی گھر کے چار افراد کی موت نے سارے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا کردی ہے ۔ مسلم خاندان کے چاروں متوفی کی نعشوں کے قریب پائی جانے والی اشیاء عام طور پر جادو ٹونا وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہیں ۔۔