حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے ضلعی صدور کے انتخاب کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ مبصرین ہفتہ 11 اکتوبر کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں ضلع کانگریس صدور کے انتخاب کے لئے 22 مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ مبصرین اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین سے ملاقات کریں گے اور نئے ضلعی صدور کے انتخاب میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی مساعی کی جائے گی۔ کانگریس ہائی کمان نے عوامی مقبولیت رکھنے والے قائدین کو ضلع کانگریس صدر کے عہدہ پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائدین سے انفرادی ملاقات کرتے ہوئے مبصرین اپنی رپورٹ تیار کریں گے جس کی بنیاد پر ہائی کمان ناموں کا تعین کرے گا ۔ ہفتہ سے ضلعی صدور کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا۔1