ضلع کھمم میں کانگریس قائدکے حملہ میں آزاد امیدوار خمی

   

حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم کی ویرا میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 15 سے انتخابی مقابلہ کرنے والے آزاد امیدوار پر کانگریس پارٹی قائدین و کارکنوں کی جانب سے حملہ کرکے شدید زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ کانگریس امیدوار رائے دہندوں میں خفیہ طور پر ساڑیاں تقسیم کرنے کے دوران آزاد امیدوار نے انہیں ( کانگریس امیدوار) کورنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ساڑیوں کی تقسیم کو روک دیا۔ جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی کے ورکروں نے آزاد امیدوار پر حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ بعد ازاں زخمی امیدوار نے پولیس سے شکایت کرتے ہوئے کیس درج رجسٹر کروایا جس پر پولیس نے پیش آئے واقعہ کے حقائق کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ آزاد امیدوار نے کانگریس پارٹی امیدوار پر الزام عائد کیا کہ رائے دہندوں سے ووٹوں کے حصول کیلئے انہیں ترغیب دینے بڑے پیمانے پر خفیہ طور پر ساڑیاں تقسیم کررہے تھے۔ جس پر اعتراض کئے جانے کی وجہ سے کانگریس امیدوار نے اپنے ورکروں کے ذریعہ ان پر حملہ کروایا اور اس حملہ کروائے جانے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواکر سخت کارروائی کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا۔