بلندشہر : اترپردیش کے بلند شہر میں ایک باپ اور بیٹے کو ضمانت پر رہائی کے فوری بعد دوبارہ مقدمہ کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں غیرقانونی اسلحہ اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا کہ پولیس نے ان کی گرفتاری کے مقام سے آتشیں اسلحہ ‘ ہتھیار اور ایک گاڑی ضبط کی ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ( رورل ) روہت مشرا نے بتایا کہ ملزم رضوان انصاری اور ان کا بیٹا عدنان خورجہ نگر کے ساکن تھے ۔ انہیں جمعہ کی رات گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ لوگ کئی فوجداریمقدمات میں ملوث ہیں۔ رضوان کو 26 ڈسمبر کو ضمانت حاصل ہوئی تھی ۔ رضوان کو پہلے بھی غیر قانونی اسلحہ مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ جب وہ ضمانت پر خورجہ واپس ہوا تو پھر آتشبازی کی گئی ‘ ڈی جے موسیقی لگائی گئی اور ہوا میں فائرنگ کی گئی ۔ اس پر پولیس نے ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا ۔ کہا گیا کہ ملزمین یہاں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کچھ تعاقب کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔تلاشی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا گیا ۔ ان کی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی ۔ کہا گیا کہ رضوان پر پہلے سے چھ مقدمات درج ہیں۔