روزنامہ ’سیاست‘ کی سماجی ، ملی ، صحافتی خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 6 مارچ ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے آج دفتر سیاست پہنچ کر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان سے خیرسگالی ملاقات کی ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال ، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے انہیں جو ذمہ داری دی گئی اس کو بخوبی نبھانے کا یقین دلایا ، ساتھ ہی روزنامہ سیاست کی سماجی ، ملی اور صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم و ملت کے مسائل کو حکومت اور ایوانوں کے علاوہ مختلف محکمہ جات تک پہنچانے میں سیاست نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کی سرپرستی میں روزنامہ سیاست لاوارث میتوں کی تدفین ، سرکاری ملازمتوں میں مسلم طلبہ کی رہنمائی ، مفت کوچنگ کلاسیس کا اہتمام ، مسابقتی امتحانات میں مسلم طلبہ کی تربیت کے علاوہ حکومت کے فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیلئے شعور بیداری مہم چلانے کے ساتھ خواہشمند افراد کی ہر طرح سے مدد کی جارہی ہے ۔ نیوز ایڈیٹر عامر علی خان نے بھی قوم میں شعور بیداری کیلئے جو بھی مہم چلائی وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وہ مستقبل میں مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سیاست سے رابطہ میں رہیں گے ۔ طارق انصاری نے کہا کہ انہیں اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے اور انہیں حکومت تک پہنچانے چیف منسٹر کے سی آر نے صدرنشین اقلیتی کمیشن کی حیثیت سے تقرر کرکے اہم ذمہ داری سونپی ہے ۔ زمانہ تلنگانہ تحریک سے وہ پابند ڈسیپلن سپاہی کی طرح خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ دیانتداری اور ایمانداری سے نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ ن