طالبات کے حجاب پر کالج انتظامیہ نے اعتراض کیا۔ جب ہبلی کے ایس جے ایم وی ویمنس کالج میں حجاب کو لے کر تنازعہ بڑھ گیا تو انتظامیہ نے انسٹی ٹیوٹ کو ہی بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ طالبات کاکہناہے کہ ہم آج کلاسز میں آئے تھے لیکن کالج انتظامیہ نے داخلے کے لیے برقع اور حجاب اتارنے کو کہا۔ ہم برقعہ اتارنے کے لیے تیارہیں، لیکن حجاب نہیں اتاریں گے۔ انتظامیہ کی طرف سے طالبات کو سمجھانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن ان کی بات نہ ماننے اور تنازعہ بڑھنے کی وجہ سے کالج کو ہی بند کرنے کی کوشش کی گئی۔کالج کے انتظامی افسر لنگراج انگادی نے کہاہے کہ ہم نے آج ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کی ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ طالبات کواسکولوں اور کالجوں میں ڈریس کوڈ پر عمل کرنا ہوگا۔ لیکن کچھ لوگوں نے کہاہے کہ ہم حجاب کے بغیر ادارے میں نہیں آئیں گے۔ اس لیے آج ہم نے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ ادھر حجاب تنازعہ پر کرناٹک ہائی کورٹ میں ایک بار پھر سماعت ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ میں آج چھٹا دن ہے جب اس معاملے کی سماعت ہوئی ہے۔ منگل کو سماعت کے دوران طالبات کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا تھا کہ حجاب اسلام کا حصہ ہے۔