طالبان ’اسلامی اصولوں‘ کے مطابق انسانی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنائیں: سعودی عرب

   

ریاض : سعودی عرب نے افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت پورے ملک کا کنٹرول حاصل کرنے والے طالبان جنگجوؤں پر زور دیا ہے کہ وہ ‘اسلامی اصولوں’ کے مطابق انسانی زندگیوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب افغان عوام کی اس مرضی کے ساتھ کھڑا ہے جس کا فیصلہ وہ بغیر کسی مداخلت کے خود کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب امید کرتا ہے کہ اسلام کے عظیم اصولوں کی بنیاد پر طالبان تحریک اور تمام افغان فریقین استحکام، سلامتی، انسانی زندگیوں اور املاک کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔سعودی عرب نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ افغانستان کی صورتِ حال جلد از جلد مستحکم ہو جائے گی۔