طالبان کے ساتھ امریکی مذاکرات کا دوبارہ آغاز

   

دوحہ ۔ 7 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ رواں برس ستمبر میں امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی جانب سے مذاکراتی سلسلے روک دیئے جانے کے بعد فریقین میں یہ پہلی ملاقات ہے۔ اس نئے مذاکراتی سلسلے میں امریکہ نے طالبان کے پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے کے وعدے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنگ بندی پر بھی غور کیا جائیگا۔ امکان ہے کہ امریکی ایلچی طالبان اور کابل حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔ ٹرمپ نے 3 ماہ قبل کابل میں حملے میں امریکی فوجی کی موت پر طالبان سے امن مذاکرات منسوخ کیے تھے۔

ایران کی جرمنی، فرانس، برطانیہ و امریکہ پر تنقید
تہران ۔ 7 ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران نے اسرائیل کے بہانے جرمنی، فرانس، برطانیہ اور امریکہ کو ہدف تنقید بنایا ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعہ کے روز ٹویٹ کر کے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ’نیو راکٹ پروپلزن سسٹم‘ کا تجربہ براہ راست ایران کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کو نشانہ بنانے کیلئے آج ایک ایٹمی میزائل کا تجربہ کیا ۔یورپ کے ممالک جرمنی، فرانس اور برطانیہ اور امریکہ نے کبھی بھی مغربی ایشیا کے نیوکلیائی ہتھیاروں والے (اسرائیلی) کے سلسلے میں شکایت نہیں کی، لیکن ہماری روایتی اور دفاعی کارروائیاں ان کے لئے قابل اعتراض ہیں۔