طب یونانی کے تمام مسائل کی یکسوئی کا تیقن

   

حکیم اجمل خاں کو خراج عقیدت، یوم یونانی تقریب سے وزیرداخلہ محمد محمود علی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 16 فبروری (راست) مسیح الملک حکیم اجمل خان کے 151 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کے تعاون سے 11 روزہ تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ اختتامی تقریب گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی وزیرداخلہ نے بتایا کہ طب یونانی کی افادیت آج عالمی سطح پر عام ہوگئی ہے اور لوگ جوق در جوق اس طریقہ علاج کی طرف آگے آرہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے حکیم اجمل خان کو دیئے گئے ایوارڈز کا ذکر کرتے ہوئے ان کے کارناموں کو اور یونانی طب میں گرانقدر خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور طب یونانی کے تمام مسائل کو یکے بعد دیگرے حل کروانے کا تیقن دیا۔ انہوں نے میڈیکل آفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے، نظامیہ طبی کالج اور ہاسپٹل کے غیرتدریسی عملہ کو بھی پُر کرنے کا تیقن دیا۔ ڈاکٹر درشنی آئی اے ایس ڈائرکٹر آیوش نے یوم یونانی تقاریب کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر اے اے خان صدر، ڈاکٹر حیدر یمانی جنرل سکریٹری، ڈاکٹر ایم اے فاروقی آرگنائزنگ سکریٹری و دیگر عہدیداران و ممبران تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کی ستائش کی اور مبارکباد دی۔ ڈاکٹر حیدر یمانی نے 11 روزہ پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ یوم یونانی کے ضمن میں طلباء و طالبات برائے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج، العارف یونانی میڈیکل کالج اور گلوبل یونانی میڈیکل کالج، تحریری و تقریری مقابلوں کے علاوہ مختلف قسم کے کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ڈاکٹر حیدر یمانی نے بتایا کہ تحریری مقابلوں میں گلوبل یونانی میڈیکل کالج کی طالبہ کو انعام اول اور نظامیہ طبی کالج کو انعام دوم کا حقدار قرار دیا گیا۔ تقریری مقابلوں میں العارف یونانی میڈیکل کالج کو انعام اول و دوم کے حقدار قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر شہزادی سلطانہ ایڈیشنل ڈائرکٹر یونانی، کنوینر یوم یونانی تقاریب نے اپنے استقبالیہ تقریر سے وزیرداخلہ کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر ایم اے فاروقی نے حکیم اجمل خان کے سوانح حیات و کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ابوالحسن اشرف، ڈاکٹر محمداحسان الحق، ڈاکٹر رفیع حیدر شکیب نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر تنویر ممتاز نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد مکرم، ڈاکٹر خواجہ معزالدین، ڈاکٹر شفیق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر رحمت النساء، ڈاکٹر ایم اے وکیل، ڈاکٹر کویتا، ڈاکٹر ونیلا نے اعانت کی۔ ڈاکٹر اکرام اللہ کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ڈاکٹر عمر علی فاروقی نے نعت پیش کی اور جلسہ کی کارروائی ڈاکٹر حیدر یمانی جنرل سکریٹری نے انجام دی۔