طلبہ پر امتحانات کا دبائو کم کرنے کیلئے جونیئر کالج لکچررس کو ٹریننگ

   

وزیر تعلیم نے دو روزہ پروگرام کا آغاز کیا
سید عمر جلیل آئی اے ایس کی منفرد مساعی
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) ڈپارٹمنٹ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے زیر اہتمام اسٹوڈنٹ کونسلرس ٹریننگ کے دو روزہ پروگرام کا وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے افتتاح کیا۔ سکریٹری محکمہ تعلیم وی جناردھن ریڈی نے صدارت کی۔ کمشنر و سکریٹری انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل آئی اے ایس اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ اسٹوڈنٹ کونسلرس ٹریننگ پروگرام کا مقصد طلبہ میں امتحانات کے بارے میں خوف دور کرنا اور اعتماد کی بحالی کے علاوہ خودکشی کے رجحان کو روکنا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈائرکٹوریٹ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے 404 گورنمنٹ جونئیر کالجوں کے لیکچررس کی اسٹوڈنٹس کونسلرس کی حیثیت سے انتخاب کیا جنہوں نے ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیا۔ سید عمر جلیل نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2020ء کا انٹرمیڈیٹ امتحان طلبہ کے اقدام خودکشی کے واقعات سے پاک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹ کونسلرس کو طلبہ کی رہنمائی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوطو جاری کئے جائیں گے۔ بی جناردھن ریڈی آئی اے ایس نے طلبہ میں امتحانات کا خوف اور دبائو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اس پروگرام پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ونیتا مہا ودیالیا کی طالب علم رہی ہیں۔ انہوں نے ونیتا مہاودیالیا میں انٹرمیڈیٹ تعلیم کے اپنے تجربات بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگی میں انٹرمیڈیٹ ٹرننگ پوائنٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی ستائش کی کہ انہوں نے طلبہ کی زندگی بچانے کے لیے منفرد پروگرام منعقد کیا ہے۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ اسی طرح کی ٹریننگ پروگرام بہت جلد خانگی جونیئر کالجس کے لیے بھی منعقد کئے جائیں گے۔