طوفان ’ اکوان ‘ ساحلی علاقہ سے ٹکرایا

   

اوڈیشہ میں شدید بارش ۔ شمالی آندھرا میں بارش کی پیش قیاسی
70 تا 90 کلومیٹر کی رفتار سے چلیں ہوائیں
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز): آندھرا پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ سمندری طوفان ’ اکوان ‘ جمعہ کی صبح 7:30 سے 8:30 بجے کے درمیان جنوبی اوڈیشہ میں واقع گوپال پور کے قریب ساحل سے ٹکرا گیا۔ اتھارٹی نے مطلع کیا کہ ساحل سے ٹکراتے وقت 70 تا 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔صبح جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا کہ طوفان کے ساحل کو مکمل طور پر پار کرنے کے عمل میں مزید کچھ وقت لگنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں خبردار کیا گیا ہے کہ شمالی آندھرا کے اضلاع میں ہلکی تا درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔طوفان کے ساحل پار کرنے کے باوجود اے پی ایس ڈی ایم اے کے منیجنگ ڈائریکٹر اور آر ٹی جی ایس کے سی ای او پرکھر جین نے ضلع شری کاکلم کے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔تازہ ترین معلومات کے مطابق طوفان ’’ اکوان ‘‘ جنوبی اوڈیشہ کے گوپال پور کے قریب برقرار ہے۔ حکام نے اندازہ لگایا ہے کہ اوڈیشہ کے اوپر سے گزرتے ہوئے آئندہ چند گھنٹوں میں یہ سمندری طوفان کمزور ہو کر شدید دباؤ میں تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید کچھ وقت بعد اس دباؤ کے مزید کمزور پڑنے کے آثار ہیں۔پرکھر جین نے عوام کو مشورہ دیا کہ طوفان کے اثرات کی وجہ سے اگر کوئی پریشانی پیش آئے تو شہری ‘منامترا’ واٹس ایپ نمبر 9552300009 پر رابطہ کریں۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات پر نظر رکھیں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔کہا گیا ہے کہ اوڈیشہ میں اس طوفان کی وجہ سے شدید بارش ہو رہی ہے اور حکام کی جانب سے تقریبا تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ اے پی میں بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔1