طوفان مندوس کے زیراثرحیدرآباد وکئی اضلاع میں شدید سردی کی لہر

   

حیدرآباد 10 دسمبر (یو این آئی) طوفان مندوس کے زیراثر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ کئی اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے کم دیکھا گیا۔صبح 10 بجے تک بھی ریاستی دارالحکومت میں سورج نظرنہیں آرہا ہے اور کئی اضلاع شدید کہر کی لپیٹ میں ہیں۔ متحدہ عادل آباد ضلع میں صبح کے وقت کہر کی وجہ سے کئی گاڑیاں ہیڈلائٹس کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔دوسری طرف صبح کے اوقات میں چہل قدمی کرنے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ ضلع کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے ۔کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثر ہیں۔ ہاسپٹلس میں مریضوں کا ہجوم ہے ۔ نزلہ ،کھانسی، زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام سویٹرس’ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ مہینہ میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکسی کی ضرورت ہے ۔ ریاست کے اضلاع نظام آباد، سنگاریڈی، سدی پیٹ، کریم نگر، میدک، نرمل، راجنا سرسلہ، کاماریڈی، جگتیال، وقار آباد، رنگاریڈی، عادل آباد میٹر چل ملکا جگری اور کومرم بھیم آصف آباد میں ہر جگہ اقل ترین درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ریکارڈ کیا گیا۔