ظفر روڈ قتل کیس کے چار ملزمین گرفتار ‘ ایک مفرور

   

حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) یاقوت پورہ ظفر روڈ پر پیش آئے ایک نوجوان کے قتل میں ملوث 4 خاطیوں کو ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق محمد غالب خان کی پہلی شادی حبیب النسا سے ہوئی تھی اور ان سے تین لڑکے اور تین لڑکیاں تھیں۔ غالب خاں نے رخسانہ نامی خاتون سے دوسری شادی کی اور اُن سے بھی تین لڑکے، تین لڑکیاں ہیں ۔ غالب خاں سرکاری ملازم تھے انکی موت کے بعد اُنکے بڑے بیٹے خالد خاں کو والد کی نوکری حاصل ہوئی جسکے نتیجہ میں رخسانہ کے بیٹے نوکری و ملکیت کو لے کر حبیب النساء کے بچوں سے مخاصمت پیدا کرلی۔ اس سلسلہ میں انتقام لینے سوتیلے بھائیوں کے قتل کا منصوبہ بنایا اور حبیب النسا کے چھوٹے بیٹے محمد عمران خان کو سوتیلے بھائیوں محمد مہتاب خان، محمد طالب خان، محمد ارباز خان نے دیگر دو ساتھیوں محمد عامر و محمد غوث خان عرف پاشاہ کی مدد سے 5 جون کو ظفر روڈ پر قتل کردیا۔ اس قتل کے بعد ملزم فرار ہوگئے لیکن ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ محمد غوث خان ہنوز فرار ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے ٹاسک فورس نے قتل میں استعمال کئے گئے خنجر اور دو موٹر سیکلوں کو بھی ضبط کرلیا ہے۔