ظہیر آباد میں دلخراش حادثہ، دو کم عمر نوجوان ہلاک

   

کوہیر۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ظہیرآباد میں آج صبح کے اولین ساعتوں میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے دو معصوم مسلم بچوں کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق صبح سحر کے اوقات میں دو بھائی ماموزاد محمد نبیل احمد ولد عبدالصمد عمر 15 سال ، محمد ریحان ولد محمد خالد عمر 17 سال ساکن خان محلہ ظہیرآباد قدیم آر ٹی اے چیک پوسٹ جارہے تھے کہ تانڈور فلائی اوور برج متصل باگاریڈی مجسمہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والی ریت سے لدی لاری تیز رفتار موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے نبیل احمد کی موقع واردات پر ہی موت واقع ہوگئی۔ ریحان کو شدید زخمی حالت میں سنگاریڈی گورنمنٹ ہاسپٹل روانہ کردیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد محمد ریحان کی موت کی توثیق کردی۔ اس ضمن میں ظہیر آباد پولیس ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ اس حادثہ سے ظہیر آباد کے علاوہ اطراف و اکناف علاقوں میں شدید رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ والدین سرپرستوں کو چاہئے کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔ چھوٹے اور معصوم بچوں کو موٹر سائیکلیں وغیرہ ہرگز نہ دیں۔ بعد میں پچھتاوا کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اس طرح کے ناگہانی حادثات اور واقعات سے سبق لینے کی شدید ضرورت ہے۔