عادل آباد میں کانگریس قائدین کا شجرکاری کے ذریعہ احتجاج

   

صدرنشین بلدیہ ضلع کو پسماندگی کی طرف گامزن کررہے ہیں ، ساجد خان کا خطاب
عادل آباد۔ ضلع کانگریس پارٹی مائناریٹی چیرمین ساجد خاں نے اپنے حامیو ںکے ساتھ مستقر عادل آباد کے اہم شاہراہ اور امبیڈکر چوک، نیتاجی چوک، شیواجی چوک کے اطراف پائے جانے والے گڈہ میں شجر کاری کرتے ہوئے عادل آباد کے ٹی آر ایس قائدین کے خلاف انوکھے طرز کا احتجاج کیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے مخاطب ہوکر کانگریس قائد ساجد خاں نے مقامی رکن اسمبلی جوگو رامنا صدرنشین مجلس بلدیہ جوگو پرمیندر پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر عادل آباد کو پسماندگی کی سمت گامزن کررہے ہیں۔ عادل آباد میں بے شمار ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا تیقن دے کر عوام سے ووٹ حاصل کرنے کے بعد عوام کے جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے۔ تین ماہ قبل تعمیر کردہ سڑکوں کی خستہ حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر میں دھاندلیوں کا امیدوار مقامی رکن اسمبلی اور صدرنشین بلدیہ کو قرار دیا۔ موسم برسات میں سڑکوں پر جابجا ہونے والے گڑھے جن سے عوام کو آمد و رفت میں کافی دشواریاں ہوتی ہیں، شہر کے قلب کی سڑکوں کی اس طرح ابتر حالت ہے تو دیگر مقامات کی سڑکوں کا کیا حال ہوگا۔ سڑکوں کی خستہ حالت کی فوری طور پر درست کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کا مطالبہ کیا ورنہ بصورت دیگر مقامی رکن اسمبلی کے قیام گاہ کے روبرو بڑے پیمانے پر دھرنا منظم کرنے کا انتباہ دیا اور کہا کہ ریاست میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور کے ٹی آر (دونوں باپ بیٹے) جہاں ایک طرف دھاندلیوں میں ملوث ہیں۔ اس طرز پر عادل آباد میں دونوں باپ بیٹے تعمیراتی کاموں میں سازباز کا ماحول گرم کرنے کا الزام عائد کیا۔ اس احتجاج کے موقع پر ڈی راجو، جی ناگیش، سی راہول، منڈے، ایم اے کلیم، محسن، پٹیل، رسول خاں، کریم ، جیلانی موجود تھے۔