عادل آباد کے جنگلاتی علاقہ میں شیر کی نقل و حرکت سے سنسنی

   

حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز) ضلع عادل آباد کے کوٹہ پلی منڈل ایدولہ بندم جنگلاتی علاقہ میں شیر کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاع ملی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اب تک چنور ، ویمنا پلی منڈل کے علاقہ میں شیر کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی لیکن اب کوٹہ پلی منڈل میں ایدولہ بندم ، لنگنا پیٹ کے جنگلاتی علاقہ میں شیر کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاع ہے ۔ اطلاع ملتے ہی عوام میں سراسیمگی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ 8 نومبر کو تروپتی اور آر شیام مندر کی بھیڑوں پر شیر نے حملہ کیا تھا ۔ اس واقعہ کی چرواہوں نے بھی تصدیق کی اور بتایا کہ بروز اتوار کو بھی گھنے جنگلاتی علاقہ کی وجہ سے چھوٹے جنگلی جانوروں کی کثیرتعداد موجودگی کے پیش نظر ان جانوروں کا شکار کرنے شیر کی نقل و حرکت جاری رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ منڈل میں اب تک K4 ، K6 شیروں کی موجودگی کے باوجو د ایک اور شیر کی اطلاع ہے لیکن شیر کے تحفظ کو پیش نظر رکھتے ہوئے عہدیداران جنگلات کی جانب سے اب تک توثیق نہیں کی گئی لیکن عہدیداروں نے یہ بتایا کہ چنور منڈل کے سنکارم اور بدارم جنگلاتی علاقوں میں نقل و حرکت کرنے والا شیر ہیاب کوٹہ پلی منڈل میں نقل وحرکت کررہاہے ۔ عہدیداران محکمہ جنگلات نے شیر کو کوئی نقصان پہنچانے یا زخمی کرنے کی کوشش کے خلاف مواضعات کے عوام کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔