عازمین حج و عمرہ کو مکۃ المکرمہ تا مدینہ منورہ اونٹ پر سفر

   

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے خدمات کا احیاء کرنے پر غور و خوض

حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) معتمرین و حجاج کرام کے علاوہ زائرین مقامات مقدسہ کے لئے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مکہ سے مدینہ تک کے اونٹ کے سفر کے احیاء کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کی جانب سے دی جانے والی اطلاعات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت کے سلسلہ میں قطعی اقدامات جاری ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شارع ہجرۃ کے ذریعہ اس سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو کہ دورنبوی ﷺ میں 8یوم کا سفر رہا۔ بتایاجاتا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کے سفر ہجرت کی یاددہانی اور اس راستہ سے مسلمانوں کو واقف کروانے کے لئے تیار کئے گئے اس منصوبہ کا مقصد شارع ہجرۃ کو فروغ دینا ہے ۔ نبی اکرم ﷺ نے حضرت صدیق اکبرؓ کے ہمراہ جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے لئے ہجرت کی تھی اس سفر کی یاد تازہ کرنے کیلئے شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کے سلسلہ میں سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہناہے کہ مدینہ منورہ کیلئے اونٹ پر شروع کیا جانے والے اس سفر کا آغاز غار ثور سے ہوگا اور غار ثور سے مدینہ پہنچنے والی شاہراہ پر اونٹ کے ذریعہ سفر کرنے والوں کے لئے علحدہ راہداری بنائی جائے گی ۔ اس شارع ہجرۃ پر کئے جانے والے ترقیاتی کاموں میں ہوٹلوں‘ مسافرخانوں‘ ریسٹ ہاؤز کے علاوہ میوزیم و دیگر مقامات کو فروغ دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ غار ثور سے مدینہ منورہ پہنچنے تک کی اس سڑک پر 27 مقامات کو فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو کہ مسافرین کیلئے باعث دلچسپی و سہولت ثابت ہوگا۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے شارع ہجرۃ کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں اس راستہ پر پیش آنے والے اہم تاریخی واقعات کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیئے جار ہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ دور جدید میں جو لوگ سفر ہجرت کے حالات سے عملی واقفیت حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کے لئے یہ سہولت انتہائی اہمیت کی حامل ثابت ہوسکتی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ طیبہ کے درمیان اونٹ کے اس سفر کو قطعیت دے دی جائے گی اور اس سہولت سے زائرین ‘ حجاج کرام ‘ معتمرین کے علاوہ مقامی باشندے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔