حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کے ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کیلئے سفری اخراجات کے دو اقساط کی ادائیگی کیلئے 31 جنوری تک مہلت دی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر نظیم احمد کے مطابق ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین دو اقساط کے طور پر جملہ 272300 روپئے 31 جنوری سے قبل حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرادیں۔ یہ ادائیگی ای پیمنٹ اور سویدھا ایپ کے ذریعہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ سے کی جاسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔ رقم کی ادائیگی کے بعد عازمین دستاویزات 3 فروری سے قبل ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرادیں۔ سفری اخراجات کی تیسری قسط کا تعین فضائی کرایہ اور سعودی عرب میں رہائش کے اخراجات کے تعین کے بعد کیا جائے گا۔ سفری اخراجات امبارکیشن پوائنٹ کے اعتبار سے مختلف رہیں گے جس کی تفصیلات حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر دی گئی ہے۔ دونوں اقساط کی ادائیگی کی مہلت میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔1