عازمین حج کے 22 ویں قافلے کو کمشنر پولیس انجنی کمار نے وداع کیا

   

حج سے محروم غریبوں کیلئے دعا کی اپیل، آج آخری قافلے کی روانگی

حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) کمشنر پولیس انجنی کمار نے آج عازمین حج کے 22 ویں قافلے کو وداع کیا۔ اُنھوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ایسے غریب افراد کے حق میں دعا کریں جو اپنی غربت کے باعث حج کی سعادت سے محروم ہیں۔ حج ہاؤز میں عازمین حج کے قافلے کو وداع کرنے سے قبل اپنے خطاب میں انجنی کمار نے کہاکہ حیدرآباد سے تقریباً 10 ہزار عازمین حج روانہ ہورہے ہیں اور میں اِن تمام سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ غریب خاندانوں کے حق میں دعا کریں تاکہ اُن کی معاشی حالت بہتر ہو اور وہ بھی مستقبل میں فریضہ حج کی ادائیگی کے قابل بن جائیں۔ انجنی کمار نے کہاکہ دوسری مرتبہ اُنھیں عازمین حج کو وداع کرنے کا موقع ملا ہے جس کے لئے وہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے شکرگذار ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ہر مذہب اور خاص طور پر اقلیتوں کی بھلائی کے لئے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔ کئی منفرد ویلفیر اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک شخص کی دعا میں جب طاقت ہوتی ہے تو پھر 10 ہزار عازمین دعائیں کریں تو اُس کی طاقت کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ حج کے دوران عازمین کا ہر قدم اہمیت کا حامل ہے اور حج کی تکمیل سے انسان تمام گناہوں سے پاک ہوجاتا ہے۔ اُنھوں نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں امن و امان اور ترقی کے لئے دعا کریں۔ حیدرآباد معاشی طور پر تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ دنیا کی نامور کمپنیاں اپنے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سنٹرس حیدرآباد میں قائم کررہی ہیں کیوں کہ یہاں امن اور چین کا ماحول ہے۔ کمپنیوں کو یقین ہے کہ اُن کی سرمایہ کاری کو کوئی خطرہ نہیں۔ نئے اداروں کے قیام سے نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم ہوئے بلکہ عوام کی معاشی حالت بہتر ہوئی۔ انجنی کمار نے کہاکہ جرائم پر قابو پانا ایک جاریہ عمل ہے اور افسوس اس بات پر ہے کہ بعض مجرمین سزا کے بعد دوبارہ جرم کررہے ہیں۔ ہمیں اُن کی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ عازمین حج کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ مجرمین کو صحیح راستہ دکھائے۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج میں ایک دوسرے کا احترام حقیقی انسانیت ہے اور عوام کا چاہے کسی مذہب سے تعلق کیوں نہ ہو انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے کمشنر پولیس کا خیرمقدم کیا اور اُنھیں تہنیت پیش کی۔ ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے حج کیمپ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 340 عازمین حج پر مشتمل 22 ویں قافلے میں تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین شامل ہیں۔ انھیں حج کیمپ سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ تلبیہ کی گونج میں حج ٹرمنل روانہ کیا گیا۔ عازمین کو وداع کرنے کے لئے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ایر انڈیا کی خصوصی پرواز سے عازمین کا یہ قافلہ دوپہر ایک بجے جدہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ تاحال 22 قافلوں میں 7984 عازمین حج سعودی عرب پہونچ چکے ہیں۔ کل 4 اگسٹ کی صبح عازمین کا آخری قافلہ جدہ روانہ ہوگا۔ جس میں 340 عازمین شامل ہوں گے۔ ٹاملناڈو کے 70 عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہورہے ہیں۔