عازمین و معتمرین کو مدینہ میں اونٹوں پر سفر کی سہولت

,

   

رسول اللہ صلعم کی ہجرت کے راستہ پر سفر کیلئے پراجکٹ کو وزارت حج کی قطعیت
مکہ معظمہ ۔/23 فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی مدینہ منورہ کو ہجرت کے موقع پر اختیار کردہ راستہ سے اونٹوں کے ذریعہ سفر کا موقع فراہم کرنے کے لئے سعودی عرب کی وزارت اُمور حج و عمرہ کی طرف سے ایک منصوبہ کو قطعی شکل دی جارہی ہے جس کے متعارف کئے جانے کے بعد نہ صرف مملکت سعودی عرب کے تمام شہریوں بلکہ حج و عمرہ کے لئے دیگر اقطاع عالم سے پہنچنے والے افراد کو یہ سہولت فراہم ہوجائے گی۔ وزارت اُمور حج نے کہا ہے کہ مکہ معظمہ اور دیگر مقامات مقدسہ سے متعلق شاہی کمیشن کے تعاون سے اس پراجکٹ کے آغاز سے اتفاق کیا جارہا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت کے راستہ کے 27 مقامات پر ہوٹلوں، آرام گھروں، عجائب گھر، مسافر خانوں کا قیام بھی شامل ہے۔ یہ وہی راستہ ہے جس کے ذریعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرکین مکہ کی شر انگیزیوں اور مخالفتوں سے گریز کے لئے 622 ء میں ہجرت فرماکر مدینہ منورہ منتقل ہوئے تھے۔اللہ کی راہ میں دشوار گذار سفر کے دوران انتہائی اولین قریبی صحابی حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ بھی آپ کے ساتھ تھے۔ دشمنوں کی نظر بد سے بچنے کیلئے درمیانی راستہ میں موجود مکہ معظمہ کے کوہِ ثور میں کچھ وقت توقف فرمایا تھا۔ بعد ازاں مدینہ منورہ میں مستقل سکونت اختیار کی گئی تھی۔