عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 10 ڈالر فی بیرل کمی

   

کساد بازاری کا خدشہ بڑھ گیا، سال کے آخر تک قیمت 65 ڈالر ہو جانے کا امکان
نیویارک : تیل کی عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔بلوم برگ کے مطابق امریکی خام تیل 100 ڈالرز کی سطح سے نیچے چلا گیا، جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت بھی 102 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آ گئی۔بتایا گیا ہے کہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 9 ڈالرز سے زائد جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ امریکا، یورپی اور دیگر کئی ممالک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے بعد مہنگائی کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، جبکہ تیل کی طلب میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، اسی باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی کا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ رواں سال کے آخر تک تیل کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی آنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مالیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ خام تیل کی قیمتیں رواں سال کے اختتام تک 65 ڈالر فی بیرل تک گر جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق 2023ء کے اختتام تک خام تیل کی قیمت 45 ڈالر فی بیرل ہونے کی توقعات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کساد بازاری سے محدود ہوتی طلب کے سبب خام تیل کی قیمتیں گر سکتی ہیں۔