عامر خان، کبیر خان اور آسٹریلین پروڈیوسرز کی فلم ’سلکیارا 41‘

   

ممبئی، 11 جولائی (ایجنسیز) اتراکھنڈ کے تاریخی سلکیارا ٹنل ریسکیو مشن پر مبنی فلم ’سلکیارا 41‘ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس فلم کو عامر خان پروڈکشنز، آسٹریلیا کے مائنڈ بلوئنگ فلمز اور کبیر خان فلمز مشترکہ طور پر پیش کریں گے۔ یہ فلم بھارت اور آسٹریلیا کے تخلیقی تعاون کی علامت ہوگی جس میں بشری حوصلے، بین الاقوامی اشتراک اور سلکیارا ریسکیو آپریشن کی حقیقی داستان کو اسکرین پر پیش کیا جائے گا۔ یہ فلم سلکیارا ٹنل ریسکیو مشن اور اس مہم میں بین قومی سطح پر مشہور ٹنلنگ ایکسپرٹ اور آسٹریلیا کے مقامی ہیرو ارنولڈڈکس کے اہم کردار کو ملحوظ رکھتے ہوئے بنائی جارہی ہے۔ فلم کی کہانی آسٹریلیا کے معروف اسکرین رائٹر اینڈریو اناسٹاسیوس (The Water Diviner) نے لکھی ہے۔ اس کی ہدایت کاری ایوارڈ یافتہ ہندوستانی فلم ساز کبیر خان کریں گے۔ یہ فلم انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک خاص تعاون کی مثال ہے، جو دونوں ممالک کی تخلیقی طاقت، کہانی سنانے کی روایت اور پروڈکشن کی مہارتوں کو ایک ساتھ لے کر آئے گی۔ بھارت اور آسٹریلیا اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی تعاون کے نئے چیاپٹر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔