محکمہ موسمیات نے ریاست کے چند اضلاع میں بھاری
اور شدید بارش کا الرٹ جاری کیا
حیدرآباد۔/7 جولائی، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے جڑواں ذخائرآب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع رنگاریڈی کے علاوہ دونوں ذخائر آب کے آبگیر علاقوں میں بارش کی وجہ سے سیلاب کا پانی عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں تیزی سے جمع ہورہا ہے۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے فی الحال پانی 1785 فیٹ تک پہنچ چکا ہے۔ اس طرح حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763 فیٹ ہے۔ فی الحال 1760 فیٹ تک پانی پہنچ چکا ہے۔ عثمان ساگر میں مزید 5 فیٹ اور حمایت ساگر میں مزید 3 فیٹ پانی کے اضافہ پر دونوں ذخائر آب کے گیٹس کھول کر پانی خارج کرنے کی نوبت آئیگی ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ تین دنوں تک بھاری اور شدید بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور الرٹ جاری کردیا ہے۔ جمعہ کو اضلاع جگتیال، راجنہ سرسلہ، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی اور سدی پیٹ میں بھاری سے زیادہ بارش کا انتباہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ اضلاع عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑم، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی ، نارائن پیٹ، جوگو لامبا گدوال میں بھاری بارش ہونے کی اطلاع دی ہے۔ اس کے علاوہ اتوار کو اضلاع منچریال، نرمل، نظام آباد میں زیادہ سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس کو چوکنا رہنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ن