ای ڈی اور سی بی آئی کے مقدمات میں ایک ہی دن فیصلہ کرنے جج کا اعلان
حیدرآباد /2مئی، (سیاست نیوز) ملک بھر میں سنسنی پیدا کرنے والے دہلی شراب اسکام میں بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا کو پھر ایک مرتبہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ راوس اونیو عدالت نے سی بی آئی کیس میں کویتا کی ضمانت درخواست پر فیصلہ کو 6 مئی تک ملتوی کرنے احکامات جاری کئے۔ جج کاویری باویجا نے ای ڈی اور سی بی آئی دونوں مقدمات میں کویتا کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کا فیصلہ 6 مئی کو جاری کرنے کا آج اعلان کیا۔ واضح رہے کہ کویتا کی ضمانت سے متعلق فیصلہ کو پہلے بھی ملتوی کیا گیا تھا۔ 22 اپریل کو عدالت نے فیصلہ کو محفوظ کیا تھا۔ آج جمعرات کو جیل یا ضمانت پر کسی فیصلہ کی توقع کی جارہی تھی مگر عدالت نے کویتا کو مایوس کرکے فیصلہ کو پھر ایک مرتبہ ملتوی کیا ہے۔ کویتا کے وکلاء نے خاتون ہونے کی وجہ سے کویتا ضمانت کی اہل ہونے کی دلیل پیش کرکے گرفتاری سے تحقیقات تک ان کے خلاف کوئی ثبوت نہ ملنے کا دعویٰ کیا اور عدالت کو یہ بھی بتایا کہ کویتا بی آر ایس کی اسٹار کیمپنر ہیں، انتخابات میں انہیں مہم چلانے ضمانت کی اپیل کی اور عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اندرون 7 سال سزا والے کیس میں گرفتاری غیرضروری ہے، کویتا کی گرفتاری کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے، وہ ایک خاتون ہیں، صحت کے مسائل پر غور کرکے ضمانت دینے کی کویتا کے وکلاء نے عدالت سے اپیل کی۔ تاہم سی بی آئی وکلاء نے شراب پالیسی کیس میں کویتا کو اہم ملزمہ قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت دینے کی مخالفت کی ، اس کیس سے متعلق کئی اہم معاملات سے کویتا واقف ہیں، دوسروں کے بیانات و شواہد کی بنیاد پر وہ پوچھ تاچھ میں حقائق کو سامنے لانے کے معاملہ میں تعاون نہیں کررہی ہیں۔ ساتھ ہی سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والی خاتون ہیں انہیں ضمانت دی گئی تو وہ ثبوت اور شواہد پر اثراندازہوسکتی ہیں لہذا انہیں ضمانت نہ دی جائے۔ دونوں کے مباحث سننے کے بعد جج نے ضمانت کے فیصلہ کو 6 مئی تک ملتوی کردیا۔2