عراقی انتخابی نتائج قبول کرنے مقتدی الصدر کا اعلان

   

بغداد : عراق میں الصدری گروپ کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے انتخابی کمیشن کے فیصلے اور پارلیمانی انتخابات کے نتائج قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کے روز اپنی ٹویٹ میں الصدر نے واضح کیا کہ انتخابی نتائج کو اختلافات اور تنازعات بھڑکانے والا نہیں ہونا چاہیے۔الصدر نے باور کرایا کہ اصلاح کے مقصد سے قومی اتحاد تشکیل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ،یہ اتحاد فرقہ ورانہ اور نسلی بنیاد پر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت شفاف اور خدمت کرنے والی ہو گی جس میں ذاتی مفادات کو مفادات عامہ پر ترجیح نہیں دی جائے گی۔وسری جانب عراق میں شیعہ سیاسی جماعتوں کے الائنس کوآرڈینیشن فریم ورک نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔اتحاد کا کہنا ہے کہ ہم یہ امید کر رہے تھے کہ عراقی انتخابی کمیشن بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو درست کر دے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کوآرڈی نیشن فریم ورک نے احتجاج روکنے کے مقابل شرط رکھی ہے کہ حالیہ انتخابات کے نتائج کے لیے ووٹوں کی گنتی مکمل طور پر ہاتھوں سے کی جائے۔خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیعہ کوآرڈی نیشن فریم ورک کی جانب سے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے جانے کے سبب آنے والے دنوں میں عراق میں دھرنے اور مظاہرے دیکھے جا سکتے ہیں۔عراقی انتخابی کمیشن نے ہفتہ کی شام منعقد ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حالیہ نتائج ابتدائی ہیں اور ان کیخلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔ کمیشن کے مطابق انتخابات کے مکمل نتائج سرکاری ویب سائٹ پر پیش کر دیئے گئے ہیں۔