عرس بانی جامعہ نظامیہ و جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت ودستار بندی فاضلین و حفاظ

   

حیدرآباد 21 ڈسمبر (پریس نوٹ) علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے بانی شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز کا سالانہ عرس و جلسہ تقسیم اسناد‘ عطاے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ حسب عمل در آمد قدیم مقرر ہے ۔ ہفتہ 24 ڈسمبر 2022 ء کو بعد نماز عصر قران خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ نظامیہ شیخ الاسلام عارف باللہ امام حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیزپیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد و دستاربندی و عطائے خلعت بصدارت مولانا سیدشاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ منعقد ہوگا ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ خطبہ استقبالیہ دیں گے‘ طلبہ جامعہ کی اردو‘عربی ‘ انگلش میں تقاریر ہوںگی ‘ تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ پیش کریں گے ۔ مالی رپورٹ معتمد جامعہ نظامیہ پیش کریں گے ۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ مولانا حافظ محمد شبیر احمد نائب شیخ الحدیث بیان کریں گے ۔ فاضلین جامعہ و حفاظ جامعہ کی خلعت دستار بندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ اور تقسیم اسناد انعامات ، گولڈ میڈل بدست حضرت امیر جامعہ نظامیہ عمل میں آئے گی۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ اور طالبات کو گولڈ میڈل دئے جائیں گے۔ 25 ڈسمبر کو بعد نماز عشاء طلبا جامعہ کے زیر اہتمام نعتیہ و منقبتی مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ممتاز مدعوشعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ و معتمد جامعہ نظامیہ نے علماء کرام ‘مشائخ عظام طلبہ قدیم اور عامۃ المسلمین سے شرکت کی خواہش کی ہے۔